Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, April 15, 2026

خیبرپختونخوا میں پاکستان کا پہلا ورچوئل اسکول قائم

خیبرپختونخوا حکومت نے تعلیمی شعبے میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری سطح پر پاکستان کا پہلا ورچوئل اسکول قائم کر دیا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ٹیچر کے ذریعے طلبہ کو تعلیم دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اے آئی ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جبکہ منصوبے کے تحت پائلٹ بنیادوں پر صوبے کے 46 سرکاری اسکولوں کو آن لائن نظام تعلیم پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں بندوبستی اضلاع کے 33 اور ضم اضلاع کے 13 اسکولوں کو ورچوئل نظام سے منسلک کیا گیا ہے، جبکہ اس منصوبے کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لیے جون میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت اسکیم متعارف کرائی جائے گی، جس کے ذریعے مزید 175 اسکولوں کو ورچوئل اسکولوں میں تبدیل کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت ایک مرکزی ڈیجیٹل ٹیچنگ اسٹوڈیو بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں سے اے آئی ٹیچر کے ذریعے انگلش، ریاضی، فزکس، کیمسٹری اور بائیولوجی جیسے اہم مضامین پڑھائے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق اے آئی ٹیچر اردو، انگریزی اور پشتو زبانوں میں 24 گھنٹے دستیاب ہوگا۔

منصوبے کی مجموعی لاگت 15 کروڑ 38 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ٹیلی ایجوکیشن ہب کے قیام پر 4 کروڑ 48 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ کو منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ اس اقدام سے دور دراز علاقوں کے طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہو سکے گی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

خیبرپختونخوا میں پاکستان کا پہلا ورچوئل اسکول قائم

Shopping Basket