Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, April 14, 2026

اسلام آباد ٹاکس کا تسلسل جاری

عقیل یوسفزئی
رائٹر نیوز ایجنسی ، سی این این اور نیویارک ٹائمز سمیت عرب میڈیا کے معتبر اداروں نے اسلام آباد ٹاکس کو امریکہ اور ایران کے درمیان نئے تعلقات کی بنیاد قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اگلے چند دنوں میں نہ صرف یہ کہ اسی تسلسل میں امریکہ اور ایران کے درمیان ایک اور مذاکراتی سیشن کا انعقاد متوقع ہے بلکہ فریقین پاکستان اور دو دیگر ممالک کے ذریعے اسلام آباد مذاکرات کے بعد مسلسل رابطے میں ہیں ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذاکرات کا اگلا سیشن ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والا ہے ۔
اسی تسلسل میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے آیندہ چند گھنٹوں یا دنوں کے دوران محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کا اہم دورہ بھی متوقع ہے ۔ عرب میڈیا کے مطابق اس دورے میں مڈل ایسٹ کے بارے میں نئی پالیسی کی اہم پلاننگ کی جائے گی اور اس پلاننگ میں پاکستان کے کلیدی کردار کا تعین کیا جائے گا جس میں مزید چند پرو سعودی ممالک کے ساتھ پاکستان کے دفاعی معاہدوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔
دوسری اہم خبر یہ ہے کہ افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے باضابطہ طور پر ترکی سے درخواست کی ہے کہ وہ افغانستان اور چین کی خواہش اور مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ افغانستان کے معاملات درست کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ ترکش میڈیا کے مطابق ترکی نے مڈل ایسٹ ایشوز کے تناظر میں تاحال اس رابطہ کاری یا درخواست پر کوئی خاص ردعمل نہیں دیا ہے تاہم دوسری جانب ہرات میں شیعہ کمیونٹی کے افراد کے قتل کے بعد افغانستان کی عبوری حکومت کو شدید اندرونی اور بیرونی دباؤ اور تنقید کا سامنا ہے اور اس قسم کا تاثر دیا جا رہا ہے کہ افغانستان کے طالبان ملک میں مسلکی اور لسانی نفرت کو ہوا دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔ بغلان میں تقریباً نصف درجن طالبان سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ شمالی افغانستان کے متعدد دیگر صوبوں میں بھی طالبان مخالف حملے ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا سمیت بلوچستان کے مختلف کراسنگ پوائنٹس کے ذریعے افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل جاری ہے اور اس ضمن میں پشاور میں متعین افغان قونصل جنرل نے گزشتہ روز کمشنر پشاور سے ہونے والی ایک ملاقات کے دوران درخواست کی ہے کہ افغانستان میں سیلاب اور زلزلے سے پیدا ہونے والی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے مہاجرین کی واپسی کے سلسلے میں رعایت کی جائے تاہم دوسری جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ وفاقی حکومت کا فیصلہ ہے اور یہ کہ صوبائی انتظامیہ اس ضمن میں کوئی خاص کردار ادا نہیں کرسکتی ۔
متعلقہ اداروں کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز 5000 مزید افغان مہاجرین کو پاکستان سے افغانستان واپس بھیجا گیا ہے اور یہ سلسلہ کسی وقفے کے بغیر جاری ہے ۔

اسلام آباد ٹاکس کا تسلسل جاری

Shopping Basket