Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, November 12, 2026

ٹرمپ کی شکست،امن کاپیغام

وصال محمدخان
امرکی صدرٹرمپ کی سیاسی جماعت کومڈٹرم انتخابات میں شکست پرپوری دنیامیں تبصروں کاسلسلہ جاری ہے۔ری پبلیکنزکے ہاتھ سے نہ صرف ایوان نمائندگان بلکہ سینیٹ بھی نکل چکاہے۔بعض حلقوں کاخیال ہے کہ ڈیموکریٹس صدرٹرمپ کامواخذہ کرینگے مگرمواخذے کیلئے دوتہائی اکثریت ضروری ہے جوسردست ڈیموکریٹس کوحاصل نہیں۔ڈیموکریٹس نے سینیٹ میں 54نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ دو تہائی اکثریت67بنتی ہے۔اسی طرح صدرٹرمپ کوویٹوپاوراستعمال کرنے کاجوقانونی اختیارحاصل ہے اسے غیرمؤثرکرنے کیلئے بھی دو تہائی اکثریت درکارہوگی جس سے واضح ہورہاہے کہ صدرٹرمپ مڈٹرم انتخابات ہارنے کے باوجودتہی دامنی کا شکارنہیں بلکہ 2028 ء تک با اختیار صدرہیں۔اگلے انتخابات اورنئے صدرکے وائٹ ہاؤس میں قدم رنجہ فرمانے تک ٹرمپ ہی صدراور سیاہ وسفیدکے مالک بنے رہیں گے۔اس بارامریکی مڈٹرم انتخابات پر پوری دنیا کی نظریں مرکوز تھیں اورہرذہن میں یہ سوال تھاکہ اسرائیلی ایما پرایران کیخلاف چھیڑی گئی جنگ کامستقبل کیاہوگا؟ کیاصدرٹرمپ شکست سے سبق سیکھ کرجنگ ختم کردینگے اور امن کے گیت گاناشروع کردینگے یاوہ جنگ میں شدت لاکرپوری دنیاکی معیشت کاکباڑاکردیں گے۔ایران کے خلاف جنگ سے نہ صرف مشرق وسطیٰ کاخطہ بلکہ پوری دنیامتاثرہورہی ہے۔ ایک جانب ایران پرہونیوالے حملوں کے جواب میں پاسداران خلیجی ممالک کوحملوں کانشانہ بناتے ہیں اب تک ان حملوں کی زدمیں کویت، یواے ای،بحرین،سعودی عرب،قطراوراردن آچکے ہیں جبکہ دوسری جانب ایرانی پراکسی یمن کے حوثیوں نے بھی سعودی عرب پرتابڑتوڑ حملوں کاسلسلہ شروع کردیاہے جس کے جواب میں سعودی عرب نے بھی حوثیوں پرشدیدفضائی حملے کئے ہیں ان دوطرفہ حملوں کے نتیجے میں خطے کاجزوی امن مزیدتباہی سے دوچارہواہے۔جنگ سے قبل ایران اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات کو نئی جہت مل رہی تھی دونو ں کے درمیان عشروں پرانی رنجشیں بھلادینے کی امیدپیداہوئی تھی اوریہ تعلقات تاریخ میں پہلی باردرست سمت میں گامزن تھے جو چین اور پاکستان کی انتھک کوششوں کانتیجہ تھا مگرامریکی حملوں کے جواب میں ایران نے سعودی عرب پر حملے کئے حالانکہ سعودی اعلیٰ حکام نے ایران کے دورے کئے ایرانی حکام نے جنگ میں پاکستان اورسعودی عرب کے کردارکوسراہااوران دونوں ممالک کاشکریہ اداکیامگرایرانی پراکسی کی جانب سے سعودی عرب پرحملوں سے نہ صرف ایران سعودی بلکہ پاک ایران تعلقات کوبھی دھچکالگاہے۔ ایرانی پالیسی سے یہی محسوس ہورہا ہے کہ اگرایران جنگ کی زدمیں ہے توپوراخطہ کیوں امن سے رہے؟حالانکہ خطے کے ممالک کی ہمدردیاں نہ صرف ایران کیساتھ ہیں بلکہ ان ممالک نے ایرانی حملوں کے جواب میں خاموشی اختیارکی۔ اگرخلیجی ممالک ایرانی حملوں کا جواب دیتے تواس سے یقیناًایران کانقصان کئی گنابڑھ سکتاتھا۔کویت،قطر،یواے ای،بحرین، اردن اور سعودی عرب ایران کوحملوں کا بھرپورجواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں مگر پاکستان نے ان ممالک کوباورکروایاکہ ایرانی حملوں کااسی طرز سے جواب دینے سے خطہ مزید تباہی سے دوچارہوگااورمسلمانوں کوآپس میں لڑاکرانکے وسائل اورقوت ضائع کروانے کی اسرائیلی آرزو پوری ہوگی۔صدرٹرمپ کی جانب سے اسرائیلی ایماپرشروع کئے گئے جنگ سے نہ صرف خطہ کشیدگی اورعدم استحکام کاشکارہوا بلکہ اسکے بد اثرات سے پوری دنیامحفوظ نہ رہ سکی۔ آبنائے ہرمزکی بندش سے دنیامیں تیل کی قیمتیں دوگنی ہوگئیں جس سے یورپی ممالک متاثرہوئے اسی سبب یورپ کے بیشترممالک میں مہنگائی کے باعث مظاہرے کئے گئے فرانس جیسے ملک میں یہ مظاہرے پرتشددشکل اختیارکرگئے اور حکومت کوہزاروں افراد گرفتار کرنے پڑے۔صرف تیل کی آزادانہ نقل حمل رک جانے سے پوری دنیامیں مہنگائی کاایک طوفان برپا ہوا جس سے بیشترممالک کے عوام سڑکوں پرنکل آئے اورپہلی نظرمیں ایسامحسوس ہواجیسے انقلاب پورے یورپ کے دروازے پر دستک دے رہاہے مگرشائدامریکی مڈٹرم انتخابات پرتوجہ کے سبب یہ مظاہرے بھی ٹھنڈے پڑگئے۔ امریکی عوام بھی امریکہ ایران جنگ کی وجہ سے گونا گو ں مشکلات کاشکارہوئے۔ صدرٹرمپ کی دیگرپالیسیوں سے بھی وہاں کی عوام نالاں نظر آرہی ہے رہی سہی کسرایران جنگ نے پوری کردی جس سے امریکہ میں مہنگائی کاایک طوفان آیاجوصدرٹرمپ کی مقبولیت اور حمایت کو بہاکرلے گیا۔امریکی صدرٹرمپ اورانکی جماعت ری پبلیکنزکی شکست سے ثابت ہواکہ پوری دنیاکے باسی امن کے طلبگار اور جنگجویانہ پالیسیوں کے خلاف ہیں۔ اس سے قبل تنخواہیں بڑھانے اورمہنگائی کم کرنے کے وعدوں پرامریکی عوام نے جوبائیڈن کوبھی ووٹ دیاتھا۔ امریکہ کی دونوں جماعتوں میں صدرٹرمپ کی جماعت ری پبلیکنزہمیشہ جنگوں کی حامی رہی ہے 1991ء میں عراق جنگ ہو،2001ء میں افغانستا ن پرحملہ ہویااسکے بعدعراق جنگ اورصدام حسین کاتختہ الٹ کر گرفتارکرنے کامعاملہ ہو یہ تمام واقعات ری پبلیکنزدورمیں ہوئے جبکہ ڈیموکریٹس کے ادوار میں جنگوں کاخاتمہ پیش نظررہاہے۔افغانستان اورعراق سے امریکی افواج کی واپسی بھی ڈیموکریٹس دور میں ممکن ہوئی2024ء میں صدر ڈونلڈٹرمپ نے جنگیں لڑنے والی پالیسی ترک کرنے کاوعدہ کیااسی لئے عوام نے انہیں دوبارہ منتخب کیا مگرٹرمپ اپنی پالیسی لاگوکرنے کی بجائے شائد پارٹی پالیسی کے اسیر بن گئے۔ ابتدا میں توانہوں نے کئی جنگیں رکوانے میں اپناکردارادا کیامگرنتن یاہو کے ٹریپ میں آکرایران پرحملہ آورہوئے جس سے نہ صرف امریکہ،خلیج کاخطہ بلکہ پوری دنیامتاثرہوئی۔حالیہ مڈٹرم انتخابا ت سے واضح ہواکہ نہ صرف امریکی عوام بلکہ پوری دنیاکے باسی امن کے متلاشی اور جنگوں کے مخالف ہیں۔نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے بھی ایرانی قیادت کواپنی طرف سے خط لکھ دیاہے جس سے یہ تاثرلیاجارہاہے کہ آئندہ امریکی انتخابات امن کے نام پرلڑے جائیں گے۔امن پسندقوتوں کے خیال میں صدرٹرمپ کی حالیہ شکست سے دنیاکو امن کاپیغام ملاہے اورجنگوں کے خاتمے کی امیدپیداہوئی ہے۔

وائس آف کے پی اور اسکی پالیسی کا لکھاری کی رائے سے متفق ہوناضروری نہیں ہے۔

ٹرمپ کی شکست،امن کاپیغام

Shopping Basket