Local News

پی سی بی ویمنز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام: پشاور میں انڈر 19 اور ایمرجنگ کھلاڑیوں کے ٹرائلز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام ملک بھر میں ویمنز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام جاری ہے، جس کے تحت پشاور میں انڈر 19 اور ایمرجنگ کیٹیگریز کی خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز منعقد کیے گئے۔

اس سے قبل فیصل آباد اور لاہور میں بھی ٹرائلز کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ پشاور میں ہونے والے ٹرائلز میں نوجوان کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔

ٹرائلز کے موقع پر نیشنل ویمنز سلیکٹر بتول فاطمہ اور ریجنل کوچز بھی موجود تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کی تکنیکی مہارتوں کا معائنہ کیا۔

حکام کے مطابق ملک گیر سطح پر جاری یہ ٹرائلز نو مختلف شہروں میں یکم مئی تک جاری رہیں گے، جن کا مقصد نئی باصلاحیت خواتین کرکٹرز کو سامنے لانا اور انہیں قومی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔

ویمنز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو خواتین کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے نئی اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے انتخاب کو یقینی بنایا جائے گا۔

Local news

دیر لوئر کے سیاحتی مقام لڑم سر پر کیمپنگ پاڈز نصب کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے دیر لوئر کے خوبصورت سیاحتی مقام لڑم سر پر سیاحوں کے لیے جدید کیمپنگ پاڈز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے علاقے میں سیاحت کے فروغ اور مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور لڑم سر کے مقامی اراضی مالکان کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ تقریب سابق صوبائی وزیر ہمایون خان اور سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا سعادت حسن کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔

معاہدے پر اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر انویسٹمنٹ محمد علی سید جبکہ مقامی اراضی مالکان کی نمائندگی اول خان نے کی۔

اس موقع پر سیکرٹری سیاحت سعادت حسن نے بتایا کہ منصوبے کے تحت اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے لڑم سر میں جدید سہولیات سے آراستہ کیمپنگ پاڈز نصب کیے جائیں گے تاکہ سیاحوں کو بہتر اور محفوظ رہائش فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اپنی قدرتی خوبصورتی، دلکش وادیوں اور مہمان نواز عوام کی وجہ سے سیاحت کے بے پناہ امکانات رکھتا ہے، اور حکومت ان مقامات کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

سعادت حسن کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف لڑم سر کی کشش میں اضافہ ہوگا بلکہ ہوٹلنگ، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، جس سے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دیر لوئر کے سیاحتی مقامات کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور لڑم سر منصوبہ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ مقامی افراد نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے علاقے کی خوبصورتی اجاگر ہونے کے ساتھ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

Local News

سی این جی بندش کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

پشاور: سی این جی کی بندش کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس میں بندش کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست ایڈووکیٹ ملک یاسین کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں صدر پاکستان، وزیراعظم، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز کو بغیر پیشگی اطلاع بند کیا جاتا ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق سی این جی کی بندش سے پبلک ٹرانسپورٹ، اسکول وینز اور ایمبولینس سروس بری طرح متاثر ہوتی ہیں، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سی این جی بندش کے اقدام کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے واضح پالیسی بنانے کا حکم دیا جائے۔

PSL: Peshawar Zalmi defeats Quetta

پی ایس ایل: پشاور زلمی نے کوئٹہ کو شکست دیدی

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں چھٹی فتح حاصل کرلی۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 154 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔حسن نواز 37 اور رائلی روسو 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ خواجہ نافع نے 20 اور کپتان سعود شکیل نے 16 رنز بنائے۔ پشاورزلمی کی جانب سے سفیان مقیم  اور محمد باسط نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ mجواب میں پشاور زلمی نے بابر اعظم کی شاندار اننگز کی بدولت 155 رنز کا ہدف با آسانی 9 گیندوں قبل ہی پورا کرلیا۔ بابر اعظم 71 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ محمد حارث نے 35، کوشل مینڈس نے 21 اورایرون ہارڈی نے 18 رنز بنائے۔ پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں 6 کامیابی حاصل کرلی۔ پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو پشاور زلمی ایونٹ میں ناقابل شکست ہے۔ زلمی7 میں سے6 میچز جیت کر 13 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر برقرار ہے۔ اس کا ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ دوسری جانب  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2 کامیابیوں کے ساتھ  پانچویں پوزیشن  پر ہے۔

Important decisions in the 24th meeting of the Pakhtunkhwa Highways Council

پختونخوا ہائی ویز کونسل کے 24ویں اجلاس میں اہم فیصلے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پختونخوا ہائی ویز کونسل کا 24 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں اتھارٹی کے بجٹ، سالانہ مینٹیننس پلان اور دیگر اہم امور کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کی سالانہ آپریشنل گرانٹ 30 ملین سے بڑھا کر 40 ملین روپے کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ وزیر اعلیٰ نے آئندہ بجٹ میں اتھارٹی کے منصوبوں کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے اور بڑے ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا انٹرنشپ پروگرام میں نشستوں کی تعداد میں 20 فیصد اضافہ کرتے ہوئے اسے 5 ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہائی ویز اتھارٹی کو رائٹ آف وے چارجز وصول نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایز آف ڈوئنگ بزنس کے فروغ پر زور دیا۔ اس کے علاوہ اتھارٹی کے سروس ریگولیشنز 2019 میں مجوزہ ترامیم اور ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ بینیفٹس اور ڈیتھ کمپنسیشن کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں صحت کارڈ کے تحت وفات کی صورت میں ورثاء کے لیے مالی معاونت پیکج کو بہتر بنانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ عمران خان کے وژن کے مطابق عوامی فلاح و خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں اور دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں گل آباد تا سربالا روڈ، ضلع دیر لوئر کی پراونشلائزیشن کے لیے باضابطہ فزیبلٹی اسٹڈی کرانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔

Prime Minister Shehbaz Sharif meets Saudi Crown Prince Mohammed bin Salman

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات جدہ کے قصر اسلام میں ہوئی، وزیراعظم کے پہنچنے پر شہزادہ محمد بن سلمان نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے ملاقات کے دوران ایران امریکا مذاکرات سے متعلق گفتگو کی، خطے میں امن و استحکام کے امور پر بھی بات چیت ہوئی، پاکستان اور سعودی عرب نے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔  وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف اہم سرکاری دورے پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ گزشتہ روز سعودی عرب پہنچےتھے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق جدہ پہنچنے پر شہزادہ سعود بن مشعال بن عبدالعزیز نائب گورنر مکہ ریجن، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیر اعظم و پاکستانی وفد کا ائیرپورٹ پر پُرتپاک استقبال کیا۔

Field Marshal Asim Munir meets Iranian Foreign Minister in Tehran

فیلڈ مارشل عاصم منیرکی تہران میں ایرانی وزیرخارجہ سے ملاقات

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے ایرانی وزیرخارجہ سے تہران میں ملاقات کی، ملاقات میں دیگر ایرانی حکام نے بھی شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی شاندارمیزبانی پر اظہار  تشکر کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ یہ ہمارے گہرے اور عظیم دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہےکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایران میں خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے ہمارا عزم مضبوط اور مشترکہ ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ تہران میں موجود ہے۔ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دیگر ایرانی حکام کے ہمراہ فیلڈ مارشل اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔