Wana

وانا:معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین

وانا میں ’معرکۂ حق‘ کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (ساؤتھ) کے انسپکٹر جنرل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی کی باوقار تقریب سے ہوا، جس میں قبائلی عمائدین اور کیڈٹ کالج وانا کے طلباء نے قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانہ پیش کیا۔ اس موقع پر فضا “پاکستان زندہ باد” اور “افواجِ پاکستان پائندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔

تقریب میں افواجِ پاکستان، ضلعی انتظامیہ، قبائلی مشران، علماء کرام، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عمائدین اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے ’معرکۂ حق‘ کی کامیابی، وزیرستان کے قبائل اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں، قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے جذبے کو اجاگر کیا۔ قبائلی مشران اور عمائدین نے اپنے خطابات میں امن و استحکام کے قیام کے لیے افواجِ پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے قبائل اور عوام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، شہداء کے بلند درجات اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

Prime Minister congratulates national women's cricket team on clean sweep against Zimbabwe

وزیرِاعظم کی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کوزمبابوے کیخلاف کلین سویپ پرمبارکباد

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے زمبابوے ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلین سویپ مکمل کر لیا۔ تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم نے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔

میچ میں زمبابوے ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف صرف 32 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر گل فیروزہ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 106 رنز بنائے، جبکہ صدف شمس نے 90 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی پر پاکستان ویمنز ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی شاندار کارکردگی محنت، نظم و ضبط اور غیر معمولی صلاحیتوں کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

وزیراعظم نے محسن نقوی اور ٹیم مینجمنٹ کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی حمایت اور عزم کو قابل تعریف قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ویمنز ٹیم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔

دریں اثنا، آصف علی زرداری نے بھی پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو سیریز میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ ایوانِ صدر سے جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی ویمن کرکٹرز نے اپنے شاندار کھیل سے ملک کا نام روشن کیا اور پوری قوم کو خوشی کا موقع فراہم کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ انہیں امید ہے پاکستان کی بیٹیاں مستقبل میں بھی کھیل کے میدان میں ملک کے لیے اعزازات حاصل کرتی رہیں گی۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

Aqeel Editorial

10 مئی کی تقریب سے فیلڈ مارشل کا اہم خطاب اور خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال

چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے راولپنڈی میں معرکہ حق کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہاں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں ، سیکیورٹی صورتحال اور مستقبل کے ممکنہ اقدامات پر ریاست کی اجتماعی پالیسیوں اور ترجیحات پر جامع انداز میں گفتگو کی وہاں انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ امن کے قیام کے لیے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتے ہیں اور یہ کہ ہر پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جائے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے معرکہ حق کے دوران تاریخی شکست کھانے کے بعد افغانستان کی سرزمین کو پراکسی کے طور پر پاکستان کے خلاف استعمال کرنا شروع کیا تاہم ان تمام سازشوں ، کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا اور پاکستان بھرپور صلاحیتوں کا حامل ملک ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا افغانستان سے ایک ہی مطالبہ رہا ہے کہ وہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کا سلسلہ روک دیں اور خوارج کے خلاف عملی اقدامات کریں ۔
اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ عین معرکہ حق کی تقریبات کے دوران دہشت گرد گروپوں نے افغان سرپرستی میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں کو بڑے پیمانے پر حملوں کا نشانہ بنایا جبکہ گلگت بلتستان میں بھی جھڑپیں ہوئیں ۔ اگر ایک جانب کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ نورولی محسود نے ایک پیغام میں اپنی کارروائیوں کا دفاع کیا اور عملی طور پر یہ بتانے کی کوشش کی کہ وہ اور افغان طالبان جاری جنگ کے دوران ” ایک پیج” پر ہیں تو دوسری جانب ہنگو ، شمالی وزیرستان ، بنوں اور جنوبی وزیرستان میں حملے کرایے گئے ۔
ہنگو میں 6 آفراد شہید ہوئے تو دوسری طرف بنوں پر سینکڑوں حملہ آوروں نے بیک وقت حملے کیے جن میں فتح خیل پولیس اسٹیشن پر ہونے والا وہ بڑا حملہ بھی شامل ہے جس کے نتیجے میں ایک درجن سے پولیس اہلکاروں کی شہادت اور درجن بھر کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں جن میں سویلین بھی شامل ہیں۔ متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا تاہم ان تمام واقعات سے حسب معمول صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی لاتعلقی کی پالیسی پر عمل پیرا رہیں اور بنوں کے شہداء کی نماز جنازہ میں بھی کوئی حکومتی عہدے دار نظر نہیں آیا ۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بنوں ، وزیرستان اور ہنگو پر سرحد پار سے ہونے والی کارروائیوں کے بعد یہ خدشہ یقینی امکان میں تبدیل ہوگیا ہے کہ پاکستان آئندہ چند گھنٹوں یا ایک دو دنوں میں ایک بار پھر افغانستان کے اندر کارروائی کرے گا کیونکہ ڈی جی آئی ایس پی آر گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ آپریشن غضب للحق جاری ہے اور یہ کہ فیلڈ مارشل نے بھی اپنی تقریر میں دہشت گردی ، افغان حکومت اور بھارت سے متعلق دو ٹوک الفاظ میں پاکستانی پالیسی آن دی ریکارڈ واضح کردی ہے ۔

Rain and snowfall expected in upper KP; flash flood advisory issued.

خیبرپختونخوا میں بڑے پیمانے میں بارشوں کی پیشگوئی

مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کی جانب سے متلعقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری۔ چترال اپر و لوئر، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ سمیت بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھلیوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ مقامی آبادی اور سیاحوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت۔پی ڈی ایم اے نے کم نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشقیں کرانے، محفوظ انخلائی مراکز فعال رکھنے اور ریسکیو اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت۔ پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ پانی کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی، کیچڑ یا پتھروں کی غیر معمولی آوازوں کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقام منتقل ہو جائیں۔  حساس علاقوں میں مویشیوں اور ضروری سامان کو محفوظ بلند مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت، کمیونٹی الرٹ سسٹم فعال رکھنے پر زور۔ این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سمیت متعلقہ اداروں کو ممکنہ سڑک بندشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔