پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے زمبابوے ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلین سویپ مکمل کر لیا۔ تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم نے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز 0-3 سے اپنے نام کر لی۔
میچ میں زمبابوے ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف صرف 32 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر گل فیروزہ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 106 رنز بنائے، جبکہ صدف شمس نے 90 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی پر پاکستان ویمنز ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی شاندار کارکردگی محنت، نظم و ضبط اور غیر معمولی صلاحیتوں کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے سیریز میں 0-3 سے کامیابی حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
وزیراعظم نے محسن نقوی اور ٹیم مینجمنٹ کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی حمایت اور عزم کو قابل تعریف قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ویمنز ٹیم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔
دریں اثنا، آصف علی زرداری نے بھی پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو سیریز میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ ایوانِ صدر سے جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی ویمن کرکٹرز نے اپنے شاندار کھیل سے ملک کا نام روشن کیا اور پوری قوم کو خوشی کا موقع فراہم کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ انہیں امید ہے پاکستان کی بیٹیاں مستقبل میں بھی کھیل کے میدان میں ملک کے لیے اعزازات حاصل کرتی رہیں گی۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔


