kpk-police-in-severe-shortage-of-psp-officers-1513927215-3414

انسپکٹر جنرل آف پولیس کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس

انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اجلاس میں خیبر پختونخوا پولیس کی رواں سال کے پہلے چھ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کر دی گئی، جس میں دہشت گردی، جرائم، منشیات کے خلاف کارروائیوں اور پولیس اصلاحات سے متعلق اہم اعداد و شمار جاری کیے گئے۔  محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران فتنہ الخوارج کے خلاف 2,004 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن کے نتیجے میں 504 دہشت گرد گرفتار جبکہ 182 دہشت گرد اور اشتہاری ملزمان ہلاک کیے گئے۔ گرفتار دہشت گردوں میں 14 انتہائی مطلوب کمانڈرز بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس عرصے کے دوران پولیس پر 294 دہشت گرد حملے ہوئے، جن میں سے 161 حملوں کو جدید حکمت عملی، مضبوط حفاظتی اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ناکام بنایا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے 341 ڈرون حملے جدید اینٹی ڈرون سسٹم کے ذریعے ناکام بنائے گئے۔ اس دوران پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خیبر پختونخوا پولیس کا یو اے وی (UAV) ڈویژن بھی قائم کیا گیا۔

سی ٹی ڈی نے مختلف کارروائیوں کے دوران 45 ایس ایم جیز، 91 ہینڈ گرینیڈ، 52 پستول، دو خودکش جیکٹس، 1,771 کلوگرام سے زائد دھماکہ خیز مواد اور بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں 122 پولیس افسران اور اہلکار شہید جبکہ 175 زخمی ہوئے۔ منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 10,197 مقدمات درج کیے گئے اور 10,718 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ پولیس نے 7,577 کلوگرام سے زائد چرس، 385 کلوگرام افیون، 246 کلوگرام ہیروئن، 949 کلوگرام آئس اور 26 ہزار 523 لیٹر شراب برآمد کی، جبکہ 10,173 اشتہاری گرفتار اور 103 اشتہاری پولیس مقابلوں میں مارے گئے۔

رپورٹ کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت 2,742 سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کے دوران 10,540 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے، جبکہ 39,106 سنیپ چیکنگ کے دوران مزید 15,003 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور سیف سٹی منصوبے کا 2.2 ارب روپے کی لاگت سے افتتاح کیا جا چکا ہے، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی سیف سٹی اور جدید مانیٹرنگ سسٹمز پر تیزی سے کام جاری ہے۔ دہشت گردی سے متاثرہ فرنٹ لائن اضلاع کو جدید اسلحہ، گاڑیوں، حفاظتی سامان اور آپریشنل آلات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ پولیس نے عوامی سہولت کے لیے “پولیس سہولت مرکز گلوبل ایپلی کیشن” اور “اسٹریٹ کرائم پلس” ایپ متعارف کرائی، جن کے ذریعے شہری گھر بیٹھے مختلف پولیس خدمات حاصل کرنے اور جرائم کی فوری اطلاع دینے کے قابل ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس ویلفیئر فنڈ کے تحت 8,769 کیسز نمٹاتے ہوئے مجموعی طور پر 42 کروڑ 92 لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے، جبکہ پولیس ایکسس سروس (PAS) پر موصول ہونے والی 3,768 شکایات میں سے 1,928 کا ازالہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے کہا کہ ملک دشمن عناصر، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کے 50 ہزار سے زائد افسران اور اہلکاروں نے بہترین خدمات انجام دے کر پرامن ماحول کو یقینی بنایا، جبکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پولیس خدمات کو گھر کی دہلیز تک پہنچانا پولیس کی اولین ترجیح رہے گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کا متاثرہ اقلیتی خاندانوں کیلئے امدادی پیکیج

دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتی خاندانوں کیلئے 12 کروڑ 60 لاکھ روپے مالی امداد کی منظوری۔ وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری کی زیر صدارت اسسمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ 173 درخواستوں کا جائزہ، 167 مستحق افراد اور خاندانوں کیلئے امداد کی منظوری دے دی گئی۔ زخمی افراد، بیوہ گان، یتیم بچوں، غیر شادی شدہ بیٹیوں اور معذور افراد مالی امداد کے اہل قرار۔ مالی امداد کے تمام کیسز ضلعی اور محکمانہ سطح پر جانچ پڑتال کے بعد منظور کیے گئے۔ شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کیلئے ہر کیس کی ازسرنو تصدیق کی گئی۔ دو مختلف زمروں میں شامل خاتون کو صرف ایک زمرے کے تحت امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مستقل معذوری کے 7 کیسز زیر غور، 6 کیسز دستاویزات کی فراہمی سے مشروط منظور کر لیے گئے۔ مردان گوردوارہ سنگھ سبھا حملے کے متاثرہ خاندان کیلئے 40 لاکھ روپے امداد منظور کیا گیا۔ شہید جگن ناتھ اور ان کی اہلیہ کے قانونی ورثا کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ ضلعی جانچ پڑتال کمیٹی کو ایک ہفتے میں رپورٹ مکمل کرنے کی ہدایت۔ دہشت گردی کے متاثرین کی مدد ریاستی، قومی اور انسانی ذمہ داری ہے. اقلیتی برادریوں کے تحفظ، مذہبی آزادی اور فلاح کیلئے اقدامات جاری رہیں گے. حکومت ہر مستحق متاثرہ خاندان کو قانون کے مطابق امداد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

ایبٹ آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں انٹر سائنس داخلوں کا آغاز

ایبٹ آبادعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا انقلابی قدم ،میٹرک کے بعد انٹر میڈیٹ کے سائنس مضامین میں داخلوں کا آغاز کر دیا گیا ۔ریجنل ڈائریکٹر ہزارہ ڈویژن شاہد خان اورکزئی کے مطابق معیار تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے 12 سال تک کی عمر تک طلبہ کے لئے میٹرک کے بعد ایف سی ایس کلاسز کا اجراء کر رہا ہے تاکہ ہزارہ کے غریب متوسط اور نادار طبقہ کے افراد بھی اپنے بچوں کو تعلیم کی دولت سے بحرہ مند کر سکیں۔ریجنل کیمپس ہزارہ ریجن کی نگرانی میں یکم جولائی سے میڑک ،ایف اے ایف ایس سی کے ساتھ 12 مختلف ڈگری 21 ڈپلومہ اور سرٹیفیکیٹ پروگرمات میں داخلوں کا آغاز کیا ہے جن کی آخری تاریخ 10 اگست ہے جب کہ جاری طلبہ کی انرولمنٹ 24 اگست تک ہوگی ۔ان تمام پروگرامات کے لئے بیرون ملک پاکستانی بھی حصہ لے سکتے ہیں۔اعلی تعلیم کے حصول میں یونیورسٹی میں داخلہ کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔تمام داخلے آن لائن جمع کئے جا سکتے ہیں جس کا رجسٹریشن فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔طلبہ کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور آن لائن ارننگ کے کورسز بھی زیر غور ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ریجنل آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔شاہد خان اورکزئی کا کہنا تھا بین الاقوامی معیار کی منظور شدہ یونیورسٹی میں گھر بیٹھے اپنی تعلیم مکمل کر سکتے ہیں۔غریب اور معذور طلبہ کے لئے فیس میں خصوصی رعایت رکھی گئی ہے وہ بروقت رجوع کرکے اس سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ریجنل ڈائریکٹر شاہد خان اورکزئی کا مذید کہناتھا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ایشیاء کی پہلی یونیورسٹی ہے جس کے تحصیل اور ضلع کی سطح پر مردو خواتین کے لئے علیحدہ علیحدہ امتحانی ہال موجود ہیں۔یونیورسٹی کے جاری طلبہ کی ورکشاپ کی سہولت بھی آن لائن ہیں اور اس میں میٹرک ،انٹر میڈیٹ، بی ایس ،،ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز ،بی ایڈ سمیت دیگر کورسز کی فیس بھی دیگر یونیورسٹیوں کے مقابلہ میں کم ہیں۔انہوں نے ہزارہ ڈویژن کے طلبہ پر زور دیا ہے وہ ریجنل کیمپس کی سہولیات کا فائدہ اٹھائیں اور ذیادہ سے ذیادہ تعداد میں داخلہ حاصل کرکے اپنی اعلی تعلیم کا خواب شرمندہ تعبیر کریں ۔یونیورسٹی کے مختلف پروگرامات کے لئے آن لائن فیس جمع کرنے کی سہولت بھی میسر ہے ایزی پیسہ ،جیز کیش ،الائیڈ بنک ،ایم سی بی بنک ،فرسٹ وومن بنک اور نیشنل بنک کی کسی بھی برانچ میں فیس جمع کی جاسکتی ہے ۔جس کی اہلیت اور داخلہ کی دیگر معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ enrollment.aiou.edu.pk سے حاصل کی جا سکتی ہیں ۔

ایبٹ آباد: سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 کا افتتاح

ایبٹ آبادصوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 کا افتتاح کر دیا۔ خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد “سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026” کے پہلے مرحلے کا افتتاح کر دیا۔ سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول کی افتتاحی جلال بابا ایڈیٹوریم ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ، چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد عنایت اللہ وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم حیات شاہ، ایجوکیشن ایڈوائزر (ای ایس آر یو) میاں سعدالدین، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام، مقامی اور دیگر اضلاع سے آئے ہوئے طلبہ و طالبات، اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر تعلیم نے طلبہ کے ہمراہ کیک کاٹ کر فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا جبکہ رنگارنگ افتتاحی تقریب میں طلبہ نے تقاریر، ٹیبلوز، بینڈ پرفارمنس اور دیگر تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا کہ تبدیلی لانے کے لیے ٹیم ورک ناگزیر ہے اور اس فیسٹیول میں اسی جذبے کی عملی جھلک نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بھرپور سرپرستی سے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کا فیسٹیول منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں صوبے بھر سے تقریباً دو ہزار بچے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو مختلف علاقوں کی ثقافت اور روایات سے آگاہی حاصل ہوگی، جس سے ان کی شخصیت میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات، تبدیلی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ اساتذہ کو ان کا جائز مقام اور عزت دیے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، تمام شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر محکمہ تعلیم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی کام جاری ہے، اسی سلسلے میں پرائمری سکولز کے لیے الگ ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کا ارادہ ہے اور بہتر امتحانی نظام کے ذریعے بنیادی تبدیلی لا کر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے اور محنت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں۔کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم ہی انسان کو برتری اور فضیلت عطا کرتا ہے اور ہمارا دین ہر مسلمان مرد و عورت پر علم حاصل کرنا فرض قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے پاس بہترین عمارتیں اور قابل اساتذہ موجود ہیں، جبکہ ملک کا مستقبل آج کے بچوں کے ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا ایسے منصوبے پر کام کر رہے ہیں جس کے تحت ہر تحصیل میں ایک سکول کو ماڈل سکول قرار دیا جائے گا جبکہ ضلع کا ہر افسر ایسے ایک سکول کو اپنائے گا، جبکہ وہ خود بطور کمشنر ایک گرلز اور ایک بوائز سکول کو اون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان ماڈل سکولوں میں اساتذہ کی تربیت، سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے حصے کی شمع ضرور روشن کرنی چاہیے۔چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد عنایت اللہ وسیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کے لیے ایسے اقدامات کسی احسان کے مترادف نہیں بلکہ ہماری ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی بہترین تربیت اساتذہ اور والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی سے ہی ایک بہتر اور مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

Rain and snowfall expected in upper KP; flash flood advisory issued.

خیبرپختو نخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان

صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش، آندھی اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ۔ پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان، عوام احتیاط کریں۔  پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ۔ تیز ہوائیں کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ایمرجنسی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی۔ ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت۔ سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پہاڑی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔ شہری بارش کے دوران کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ والدین بچوں کو ندی نالوں، برساتی پانی اور کھلے گڑھوں کے قریب نہ جانے دیں۔ پی ڈی ایم اگ کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

ایبٹ آباد آل پاکستان کنگ آف رنگ 3باکسنگ چیمپئن شپ اختتام پزیر

ایبٹ آباد آل پاکستان کنگ آف رنگ 3 باکسنگ چیمپئن شپ اپنی تمام تر رونقیں سمیٹ کر اختتام پزیر ہو گئی. مجموئی طور پر بلوچستان نے پہلی خیبر پختونخوا نے دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی جبکہ سندھ چوتھے نمبر پر رہادو روزہ مقابلوں کا باقائدہ افتتاح ممبر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کیا ایونٹ میں ملک بھر سے 150 مرد خواتین کک باکسرز نے حصہ لیا ابتدائی روز مختلف کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوئے کامیاب باکسرز میں مشتاق احمد غنی نے میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے دوسرے روز اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود جدون اتحاد کے صدر راشد خان جدون سابق صدر پریس کلب ایبٹ آباد عامر شہزاد جدون پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ ایبٹ آباد کی صدر رومش سلیم پاکستان کنگفو ہنگار فیڈریشن کے صدر علی خان جدون نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پر صدر پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن کے صدر سمیع اللہ کاکڑ چیف آرگنائزر محمد الیاس تنولی ارسلان ظفر ایڈوکیٹ نے مہمانوں کو ویلکم کیا اور انکا شکریہ ادا کیا مجموعی طور پر بلوچستان نے27گولڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن اور وننگ ٹرافی اپنے نام کی خیبر پختونخوا نے دو میڈلز کے فرق سے 25 میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن اپنے نام کی جبکہ پنجاب نے 21میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نام کی اس موقع پر سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود اور رمز سلیم کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹ مستقل بنیادوں پر منعقد ہونے چاہیئیں کیونکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے لئے اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہیں.