Sawab Khan Swabi Thailand

صوابی سے تھائی پارلیمنٹ تک: ثواب خان پٹھان کی قابلِ ذکر داستان

صوابی: خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد پشتون ثواب خان پٹھان نے تھائی لینڈ کے کاروباری، سماجی اور سیاسی میدان میں نمایاں مقام حاصل کرکے اپنے آبائی علاقے کے لیے بھی ایک منفرد شناخت قائم کی ہے۔

ثواب خان پٹھان، جنہیں بعض ذرائع میں تواب خان کے نام سے بھی لکھا گیا ہے، تھائی لینڈ میں مقیم پاکستانی نژاد کاروباری اور سیاسی شخصیت ہیں۔ ان کے خاندان کی جڑیں ضلع صوابی کے گاؤں محب اللہ بانڈہ، ادینہ سے ملتی ہیں۔

ان کے والد عبدالوهاب دوسری جنگِ عظیم کے دوران برطانوی ہندوستانی فوج میں حوالدار تھے اور فوجی ذمہ داریوں کے سلسلے میں اس وقت کے سیام، موجودہ تھائی لینڈ پہنچے۔ جنگ کے بعد انہوں نے وہیں قیام کیا، جس کے بعد ان کا خاندان بھی تھائی لینڈ میں آباد ہوگیا۔

ثواب خان کی پیدائش اور پرورش تھائی لینڈ میں ہوئی، تاہم ان کے والد نے انہیں آبائی وطن اور پشتون ثقافت سے جوڑے رکھا۔ وہ پشتو زبان روانی سے بولتے ہیں اور اپنے آبائی علاقے سے تعلق کو آج بھی اہمیت دیتے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق وہ اپنے خاندان کے ہمراہ صوابی کا دورہ بھی کرتے رہے ہیں، جبکہ جولائی 2019 میں ان کے آبائی علاقے کے دورے کی تصاویر بھی شائع ہوئی تھیں۔

ثواب خان نے کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ تھائی لینڈ کے سماجی اور سیاسی میدان میں بھی فعال کردار ادا کیا۔ وہ تھائی مسلم کمیونٹی سے متعلق امور میں تھائی بادشاہ کے خصوصی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

جنوری 2020 میں وہ تھائی ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ بھوم جائی تھائی پارٹی کی پارٹی لسٹ کے ذریعے پارلیمنٹ پہنچے اور چائی چِڈچوب کی وفات کے بعد ان کی نشست سنبھالی۔

ان کا تعلق صرف تھائی لینڈ کی سیاست تک محدود نہیں بلکہ پاکستان خصوصاً صوابی کے ساتھ بھی ان کے خاندانی روابط برقرار ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق ان کا خاندان پاکستان میں قدرتی آفات کے دوران بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتا رہا، جن میں 2005 کا زلزلہ اور 2010 کے سیلاب شامل ہیں۔

ان کے ایک رشتہ دار کے مطابق ثواب خان صوابی آمد کے موقع پر مقامی لوگوں سے گھل مل جاتے ہیں اور خاندانی و سماجی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔

تھائی پارلیمنٹ کا رکن بننے کے بعد ثواب خان نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان تعلقات، بالخصوص تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

صوابی کی ایک چھوٹی سی بستی سے تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ تک ثواب خان پٹھان کا سفر نہ صرف ان کے خاندان کی جدوجہد کی داستان ہے بلکہ یہ اس بات کی بھی مثال ہے کہ بیرونِ ملک آباد ہونے کے باوجود انسان اپنی زبان، ثقافت اور آبائی سرزمین سے تعلق برقرار رکھ سکتا ہے۔

Governor Khyber Pakhtunkhwa meets Taekwondo Championship gold medalist Ehsanullah Mehsud

گورنر خیبرپختونخوا تائیکوانڈو چیمپئن شپ کے گولڈ میڈلسٹ احسان اللہ محسود کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا سے تھائی لینڈ انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کے گولڈ میڈلسٹ احسان اللہ محسود کی ملاقات۔  گورنر پختونخوا نے انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر احسان اللہ محسود کو مبارکباددی۔ انٹرنیشنل تائیکوانڈو مقابلوں میں متعدد بار گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی ہدایت اللہ محسود بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر خیبرپختونخوا کاکہنا تھا کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کرنے پر احسان اللہ محسود اور ہدایت اللہ محسود کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ خیبرپختونخوا کے کھلاڑی محدود وسائل کے باوجود تائیکوانڈو سمیت مختلف کھیلوں میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو انٹرنیشنل مقابلوں میں اپنی کارکردگی اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی کی تائیکوانڈو کھلاڑیوں کو ہر ممکن تعاون اور حوصلہ افزائی کی۔ دونوں کھلاڑیوں کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے خط لکھوں گا۔ نوجوان کھلاڑی محنت اور لگن سے عالمی مقابلوں میں پاکستان کا نام مزید روشن کریں۔ خیبرپختونخوا کے باصلاحیت کھلاڑی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت ان کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔

Mega tree plantation campaign launched in Abbottabad on Independence Day

ایبٹ آباد میں یومِ آزادی کے موقع پر میگا شجرکاری مہم کا آغاز

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر گلیز فاریسٹ ڈویژن بلال احمد نے کہا ہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر ایبٹ آباد میں میگا پلانٹیشن مہم کے تحت ایک لاکھ 56 ہزار پودے لگائے جائیں گے، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ شجرکاری مہم کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 16 مختلف مقامات پر پودے لگائے جائیں گے، جبکہ اس قومی سرگرمی میں معاشرے کے تمام طبقات کو بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر شجرکاری مہم کا مقصد نہ صرف ملک سے محبت کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول کی بنیاد رکھنا بھی ہے۔ میگا پلانٹیشن میں طلبہ و طالبات، اساتذہ، صحافیوں، سرکاری ملازمین، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، مدارس کے طلبہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھرپور حصہ لیں گے۔ڈی ایف او بلال احمد نے بتایا کہ میگا پلانٹیشن کے لیے پھلکوٹ، نملی میرا، کھن کلاں اور سمندر کٹھہ کو مرکزی سائٹس کے طور پر منتخب کیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 15 مقامات پر بڑی تعداد میں پودے لگائے جائیں گے۔ ان مقامات میں ایبٹ آباد کی نجی و سرکاری یونیورسٹیاں، کالجز اور سکولز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے لیے اس علاقے کے ماحول مطابقت رکھنے والے درختوں جن میں دیودار، چیڑ، املوک اور اخروٹ شامل کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بلال احمد نے بتایا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ جنگلات کی جانب سے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں اور مقررہ مقامات پر پودوں کی فراہمی اور شجرکاری کے دیگر امور کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نے کہا کہ جنگلات اور درخت ہمارے لیے قدرت کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو ماحول کو صاف رکھنے، درجہ حرارت میں کمی، بارشوں کے نظام، آبی وسائل کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ موجودہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں جنگلات کا تحفظ اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈی ایف او بلال احمد نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ، شجرکاری کے فروغ اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے تمام تر محکمانہ صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ یومِ آزادی کے موقع پر میگا پلانٹیشن مہم میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے شجرکاری کو قومی ذمہ داری اور مستقل عزم کے طور پر اپنائیں تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ اور صحت مند بنایا جا سکے۔

Khyber Pakhtunkhwa Cabinet: Rs5 billion allocated for Ehsaas Youth Program

خیبر پختونخوا کابینہ: احساس نوجوان پروگرام کیلئے 5 ارب روپے مختص

 وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں تعلیم، صحت، توانائی، نوجوانوں کے روزگار اور قانون سازی سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر شفیع جان کے مطابق کابینہ نے احساس نوجوان پروگرام کا حجم 3 ارب روپے سے بڑھا کر 5 ارب روپے کرنے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کا اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں میں کاروبار، خود روزگاری اور پائیدار ذرائع معاش کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

کابینہ نے عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے انعقاد کا شیڈول اور طریقہ کار بھی منظور کیا، جو یکم سے 12 ربیع الاول 1448 ہجری تک جاری رہے گا۔ تعلیم کے شعبے میں کابینہ نے ضم اضلاع کے ماڈل سکولوں کے لیے رواں مالی سال کے دوران یک وقتی امدادی گرانٹ کی مد میں 18 کروڑ 87 لاکھ 56 ہزار روپے کی منظوری دی۔ ان اداروں میں مہمند کا ممد گٹ اور غلانئی ماڈل سکول، جنوبی وزیرستان کا وانا ماڈل سکول، جنوبی وزیرستان ٹانک کا زام ماڈل سکول، کرم کا صدہ ماڈل سکول اور شمالی وزیرستان کا میران شاہ ماڈل سکول شامل ہیں۔

چترال کے لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج کے لیے بھی 6 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ کابینہ نے سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں واپس لانے کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری بھی دی۔ شفیع جان کے مطابق کابینہ نے کے جی سے پانچویں جماعت تک جیکٹڈ نصابی کتب کا سمسٹر نظام بھی منظور کیا ہے، جس کا نفاذ تعلیمی سال 2027-28 سے ہوگا، جبکہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک یہ نظام بعد میں نافذ کیا جائے گا۔ نویں سے بارہویں جماعت تک طلبہ کو 100 فیصد مفت نصابی کتب فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

نئے نظام کے تحت دو یا اس سے زیادہ بنیادی مضامین کی منظور شدہ کتابیں ایک ہی جلد میں شامل کی جائیں گی تاکہ نصابی معیار برقرار رکھتے ہوئے کتابوں کی جلد بندی اور سکول بیگ کا وزن کم کیا جا سکے۔ پائلٹ منصوبے کے تحت کے جی سے پانچویں جماعت تک بنیادی نصابی کتب گرم اور سرد دونوں زونز کے سرکاری سکولوں میں جیکٹڈ اور سمسٹر فارمیٹ میں فراہم کی جائیں گی۔ صحت کے شعبے میں کابینہ نے 21 مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لیے مالی امداد کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ 114 ہاؤس جاب سلاٹس کے قیام اور ہاؤس افسران و ٹرینی میڈیکل افسران کے وظائف میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی، جبکہ اس کے بعد ہر سال 5 فیصد اضافہ بھی ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے مواقع بڑھانے اور تدریسی ہسپتالوں میں افرادی قوت مضبوط بنانے کے لیے مزید سلاٹس کی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔

توانائی کے شعبے میں کابینہ نے خیبر پختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ 132/220 کے وی ڈبل سرکٹ گورکن متلتان ٹرانسمیشن لائن کے رائٹ آف وے سے متعلق مسائل کے حل کے لیے زمین کے نقصان کے معاوضے کی بھی منظوری دی گئی۔ قانون سازی کے حوالے سے کابینہ نے خیبر پختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بل 2026 کی منظوری دے دی۔ بل کے قانون بننے کے بعد ایک خودمختار اتھارٹی قائم ہوگی جس کی سربراہی پیشہ ور چیف ایگزیکٹو آفیسر کرے گا۔ اتھارٹی میں منظوری کے دو مراحل ہوں گے، جن میں ایک اعلیٰ سطحی باڈی اور ایک ایگزیکٹو کمیٹی شامل ہوگی۔

کابینہ نے خیبر پختونخوا آفس آف دی پروونشل اومبڈسمین ملازمین (شرائط و ضوابط ملازمت) رولز 2025 میں ترامیم کی بھی منظوری دی۔ دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔ ضلع باجوڑ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے متاثر ہونے والے شہریوں کے لیے خصوصی معاوضے کے تحت جاں بحق افراد کے ورثا کو ایک کروڑ روپے جبکہ شدید زخمیوں کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ عمومی معاوضہ پیکیج میں بھی اضافہ کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے ورثا کا معاوضہ 10 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ اور شدید زخمیوں کا معاوضہ بڑھا کر 15 لاکھ روپے کردیا گیا۔

کابینہ نے خیبر پختونخوا اساتذہ (تقرری اور خدمات کی مستقلی) بل 2026 کی بھی منظوری دی۔ بل کے تحت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم میں عارضی بنیادوں پر تعینات اور قانون سازی کے بعد مختلف وجوہات کی بنا پر مستقل ہونے سے رہ جانے والے اساتذہ کی خدمات مستقل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ کابینہ نے دو مسودہ نوٹیفکیشنز کی منظوری دی، جن کے تحت سابقہ فاٹا اور پاٹا میں سروس فراہم کنندگان کو خدمات پر سیلز ٹیکس جبکہ وہاں قائم صنعتوں کو ودہولڈنگ سیلز ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔

KP: Lawyers Wing organizes grand ceremony to celebrate 79th Independence Day

خیبر پختونخوا: لائرز ونگ کے زیرِ اہتمام 79ویں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب

پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کی ذیلی تنظیم لائرز ونگ کے زیرِ اہتمام 79ویں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سینئر وکلاء، بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران، مسلم لیگی رہنماؤں اور کارکنان کی بھرپور شرکت کی۔ وکلاء رہنماؤں نے مسلم لیگی قائدین کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا۔ وکلاء نے ہمیشہ آئین کی بالادستی اور قانون کی پاسداری کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ خیبر پختونخوا کے عوام کی ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔

مسلم لیگ (ق) وکلاء کے مسائل کا مقدمہ وفاقی حکومت کے سامنے بھرپور انداز میں اٹھائے گی۔ وکلاء کی EOBI میں رجسٹریشن اور ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن کی سہولت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ پاکستان مزید تفریق کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان تھا، پاکستان ہے اور ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کا دفاعی معاہدہ اہم پیش رفت ہے۔ وکلاء کے عملے کی EOBI رجسٹریشن کے لیے مفاہمتی یادداشت پر کام جاری ہے۔ مسلم لیگ (ق) لائرز ونگ کو ملک بھر میں مزید منظم اور فعال بنایا جائے گا۔

For the first time in the history of the tehsil, a 200-foot-long Pakistani flag was displayed in Rustam.

رستم میں تحصیل کی تاریخ میں پہلی بار 200 فٹ طویل پاکستانی پرچم کی نمائش

تحصیل رستم میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا. جس میں تحصیل کی تاریخ میں پہلی بار 200 فٹ طویل پاکستانی پرچم کی شاندار نمائش کی گئی۔ بونیر روڈ پر منعقدہ تقریب میں سینکڑوں نوجوانوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا کر قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کا عملی اظہار کیا۔ تقریب میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی اور جشنِ آزادی کے حوالے سے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ 200 فٹ طویل قومی پرچم کی نمائش نے علاقے میں جشنِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا، جبکہ شرکاء نے پاکستان سے اپنی والہانہ محبت اور قومی جذبے کا اظہار کیا۔