سعودی عرب نے پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال کردیا اور ساتھ ہی 65 سال عمر کی بالائی حد ختم کردی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سعودی عرب کی دعوت پر 4 روزہ عالمی حج کانفرنس میں شرکت کیلئے جدہ پہنچ گئےجہاں انہوں نے سعودی ہم منصب ڈاکٹر توفیق بن الربیعہ سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور اداروں کا دورہ کیا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ سعودی حکام کی جانب سے وزیر مذہبی امور کو سالانہ حج معاہدے کا مسودہ موصول ہو گیا ہے جس کے تحت پاکستان کا ایک لاکھ 79 ہزار 210 حجاج کا پرانا کوٹہ بحال کر دیا گیا ہے اور 65 سال کی بالائی حد کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق رواں سال حج درخواستیں فروری کے آخر تک طلب کیے جانے کا امکان ہے جبکہ کابینہ کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور حتمی حج پالیسی 2023 کا اعلان کرینگے۔
دوسری جانب پاکستان، بھارت، ایران سمیت 19 ممالک کے وفود نے حج معاہدوں پر دستخط کردیے۔
سعودی وزیرحج وعمرہ توفیق الربیعہ کے مطابق حج معاہدے پردستخط کرنے والوں میں ترکیہ، سوڈان، یمن،ازبکستان، ملائیشیا،بحرین بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے میں عازمین کی تعداد، آمد، روانگی اور پیش کی جانے والی خدمات کا ذکر ہے۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ سے 12 ممالک کےوزراپرمشتمل وفدنے ملاقات کی جس میں انہیں عازمین حج کوپیش کی جانےوالی نئی سہولتوں سےمتعلق تفصیلات بھی بتائی گئیں۔