سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے’ دوران سفر سیٹ بیلٹ کے استعمال سے محفوظ سفر یقینی ہوگا’ ڈاکٹر زاہد اللہ
چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی ہدایت پر کیمبرج سکول پشاور میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی ایس پی اصلاح الدین اور ایجوکیشن ٹیم نے طلباء کو آگاہی دی۔ آگاہی سیمینار میں کیمبرج سکول پشاور کے پرنسپل, اساتذہ, طلباء اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈی ایس پی اصلاح الدین اور ٹیم نے سیمینار کے دوران طلباء کو روڈ سیفٹی‘ زیبرا کراس‘ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال اور فوائد سمیت ڈرائیونگ کے اصول اور احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ سیمینار کے اختتام پر ایجوکیشن ٹیم نے طلباء کو عملی طور پر روڈ کراسنگ کے حوالے سے تربیت دی اور بعد ازاں ان سے ٹریفک قوانین اور روڈ کراسنگ سے متعلق سوالات کئے جس پر طالبات نے صحیح جوابات دیئے۔ کیمبرج سکول پشاور نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اقدامات کو سراہا اور ڈی ایس پی اصلاح الدین کو مختلف اوقات میں اس طرح کے آگاہی سیمینار کے انعقاد پر زور دیا اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔