پشاور: خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران 37.37 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کیے، جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہیں۔ ترجمان کیپرا کے مطابق گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں 26.58 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کیے گئے تھے، جبکہ رواں سال اسی عرصے میں 10.79 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق، رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 28.8 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 8.57 ارب روپے جمع کیے گئے۔ گزشتہ سال انہی مدات میں بالترتیب 22.8 ارب اور 3.74 ارب روپے اکٹھے کیے گئے تھے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیلز ٹیکس آن سروسز میں 26 فیصد اور انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس میں 129 فیصد اضافہ ہوا۔
ڈائریکٹر جنرل کیپرا، فوزیہ اقبال نے ادارے کی کامیابی کو ٹیم کی محنت، شفافیت اور ٹیکس دہندگان کے تعاون کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ مالی سال کے اختتام تک 47 ارب روپے کے ہدف سے بھی زیادہ محاصل اکٹھے کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر خزانہ مزمل اسلم کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی رہنمائی نے کیپرا کو مؤثر پالیسی سازی میں مدد دی۔