پاک فوج کو خراجِ تحسین ڈیرہ اسماعیل خان افواجِ پاکستان کی حالیہ شاندار کامیابی اور بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے پر ڈیرہ پریس کلب میں ایک عظیم الشان یومِ تشکر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صحافیوں ، سیاسی و سماجی شخصیات، کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین اور وطن پر قربان ہونے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کا آغاز اظہارِ یکجہتی واک سے ہوا، جس میں صحافیوں اور شہریوں نے سبز ہلالی پرچم تھامے، وطن سے محبت کے جذبات کا مظاہرہ کیا۔ فضا “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی۔ یومِ تشکر تقریب کی صدارت ڈیرہ پریس کلب کے صدر محمد یاسین قریشی نے کی۔ تقریب میں سینئر صحافی سعید اللہ مروت، نوید سلطان، محمد ریحان، ابوالمعظم طرابی، اقبال بھٹی، شفقت سرحدی، عثمان اعوان، ماجد برکی، محسن سلیم بلوچ سمیت دیگر مقامی صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔ سیاسی و سماجی رہنماؤں میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی صدر قمر محمد رمضان، پیپلز پارٹی کے ناظم ایڈووکیٹ چوہدری محمد شفیق، تحریک انصاف کے ناظم عابد پنو، ایپکا کے صدر طارق بھٹنی اور امن کمیٹی کے رکن شاہد راج شریک ہوئے۔ مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ملک کے دفاع کی ضامن اور قوم کی توقعات پر پوری اترنے والی عظیم پیشہ ورانہ فورس ہے۔ 6 اور 7 مئی کو بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت معصوم شہری شہید ہوئے۔ تاہم افواجِ پاکستان نے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت اور دندان شکن جواب دیا۔ مقررین نے جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں آپریشن “بنیان مرصوص” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ایک فیصلہ کن اقدام تھی، جس میں دشمن کو چند گھنٹوں میں پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ اور یہ صرف عسکری فتح نہیں بلکہ سفارتی، میڈیا، ذہنی اور جذباتی سطح پر بھی بھارت کی شکست ہے، جسے دنیا نے دیکھا اور تسلیم کیا۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے کردار کو بھی خوب سراہا گیا، جنہوں نے اپنے پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائیوں سے ملک کی فضائی حدود کا کامیابی سے دفاع کیا اور دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر محاذ پر مکمل طور پر تیار اور متحد ہے۔ اختتامی لمحات میں ملکی سلامتی، کشمیریوں اور فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کو درپیش کسی بھی خطرے کے وقت پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی، اور قومی اتحاد و یگانگت کی ایک عظیم مثال ہمیشہ قائم رکھی جائے گی۔