Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, February 5, 2026

ایبٹ آباد ہزارہ ڈویژن میں تعلیمی و دیہی ترقی منصوبوں بارے اہم اجلاس

کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت ہزارہ ڈویژن میں ماڈل اسکولز، ماڈل ویلیجز اور 765 کے وی نیشنل گرڈ کمپنی کے سوشل سپورٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (F&P) اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (میل و فیمیل) نے شرکت کی، جبکہ شرکاء کو سیکرٹری ٹو کمشنر ہزارہ ڈاکٹر عبد الوجید کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔کمشنر ہزارہ نے ماڈل اسکولز کے قیام سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن اسکولوں کو ماڈل اسکول قرار دیا گیا ہے، وہاں اہل، قابل اور تجربہ کار پرنسپلز اور اساتذہ کی پروفائلنگ مکمل کر کے بروقت تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر تحصیل میں قائم ماڈل اسکولز کی نگرانی متعلقہ ضلعی افسران کریں گے، جبکہ نیشنل گرڈ کوریڈور سے ایک کلومیٹر کے اندر واقع اسکولوں اور دیہات میں سوشل سپورٹ فنڈز کے ذریعے ماڈل اسکولز کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔کمشنر نے واضح کیا کہ ماڈل اسکولز کے قیام کا بنیادی مقصد سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو نجی اسکولوں کے طلبہ کے ساتھ مؤثر مسابقت کے قابل بنانا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تعلیمی معیار کی بہتری، جدید آئی ٹی اور کمپیوٹر لیبز، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی کلاسز، طلبہ کے لیے طبی سہولیات، نفسیاتی کونسلنگ، اعتماد سازی اور موٹیویشنل سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ نے اعلان کیا کہ ہزارہ ڈویژن کے ہر ضلع میں ایک ماڈل گاؤں قائم کیا جائے گا، جس کا مقصد کمیونٹی کے زیرِ انتظام، ماحول دوست اور خود کفیل دیہات کا قیام ہے۔ ان ماڈل ویلیجز کے ذریعے عوام کو باعزت معیارِ زندگی فراہم کیا جائے گا، جنگلات، آبی ذخائر اور قدرتی مناظر کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ مقامی سطح پر پائیدار روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماڈل گاؤں مستقبل میں خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع کے لیے قابلِ تقلید مثال بنیں گے۔کمشنر ہزارہ نے مزید کہا کہ ماڈل ویلیجز کی ترقی میں مقامی کمیونٹی کو براہِ راست شامل کیا جائے گا اور چھوٹے مگر مؤثر اقدامات کے ذریعے صحت، تعلیم، صاف پانی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ منصوبوں کی پائیداری کے لیے کمیونٹی پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جبکہ ماڈل ویلیجز سے اسکولوں میں بچوں کے داخلے کا باقاعدہ آغاز بھی کیا جائے گا۔اجلاس میں کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ نیشنل گرڈ کوریڈور کے سوشل سپورٹ پروگرام کی تمام اسکیموں کو فوری طور پر حتمی شکل دے کر کمشنر آفس کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ مزید مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پاور ڈویژن کو ارسال کی جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ہزارہ ڈویژن میں تعلیم، دیہی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے مؤثر اور عملی اقدامات جاری رکھیں گے۔

ایبٹ آباد ہزارہ ڈویژن میں تعلیمی و دیہی ترقی منصوبوں بارے اہم اجلاس

Shopping Basket