Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, February 5, 2026

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گورنر ہاؤس کی قیادت میں ریلی کا انعقاد

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعلیٰ ہاؤس سے گورنر ہاؤس تک مرکزی ریلی کا انعقادکیاگیا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور مشیر خزانہ مزمل اسلم نے ریلی کی قیادت کی۔ریلی میں رکن قومی اسمبلی ارباب شیرعلی، ڈپٹی کمشنر پشاورکیپٹن(ر) ثناء اللہ خان، سیکرٹری ایڈمنسٹریشن شاہدسہیل خان سمیت انتظامی محکموں کے سربراہان، سرکاری و سول سوسائٹی اراکین، تاجر برادری اور طلبہ نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی ظلم و جبر کی مذمت اور کشمیریوں سے یکجہتی کااظہارکیا۔شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف نعرے درج تھے۔گورنر ہاؤس کے مرکزی دروازے کے سامنے شہداء کشمیر کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیارکی گئی۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور شرکاء ریلی نے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ایک جائز اور اصولی جدوجہد ہے، کشمیری عوام کے حق آزادی کو طاقت، ظلم و جبر سے نہیں دبایا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے حق آزادی کے لئے ہمیں سفارتی کوششوں کو پہلے سے زیادہ تیز اور مؤثر بنانا ہو گا، کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور ان کی دیرینہ امنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے کیے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نے مسئلہ کشمیر کو مزید سنگین اور پیچیدہ بنا دیا ہے۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بھارتی جارحیت اور مظالم کا فوری نوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر عالمی فورم پر جاری رکھے گا اور اس امیدکا بھی اظہارکیا کہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی ظلم، جبر اور غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام ہمیشہ کیطرح اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دہائیوں سے بھارت کیجانب سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی اور مظلوم کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور انکے پختہ عزم کو سلام پیش کرتا ہوں۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گورنر ہاؤس کی قیادت میں ریلی کا انعقاد

Shopping Basket