Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, March 30, 2026

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان، 9 افراد جاں بحق، 47 زخمی

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 9 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 8 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 26 مرد اور 21 بچے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 6 گھروں کو جزوی نقصان بھی پہنچا ہے۔

ادارے کے مطابق یہ حادثات صوبے کے دو اضلاع بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے آپس میں رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بنوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو جلد از جلد مالی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کی جائے۔ ادارے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور اس کا امکان ہے کہ یہ سلسلہ منگل تک جاری رہے گا۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگاہی اور دیگر معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان، 9 افراد جاں بحق، 47 زخمی

Shopping Basket