اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور امریکا نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جس کا اطلاق لبنان سمیت دیگر علاقوں میں بھی فوری طور پر ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور ان کے وفود کو 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی ہے، جہاں تمام تنازعات کے حتمی حل کے لیے مزید مذاکرات کیے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انتہائی عاجزی کے ساتھ وہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں کہ ایران اور امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ ہر جگہ فوری جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔
انہوں نے اس فیصلے کو دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین نے غیر معمولی بصیرت اور سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا ہے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جنگ بندی کے بعد امریکا اور ایران کی مذاکراتی ٹیموں کو جمعہ، 10 اپریل کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی ہے تاکہ بات چیت کے ذریعے تمام اختلافات کے پائیدار حل کی راہ ہموار کی جا سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مجوزہ “اسلام آباد مذاکرات” خطے میں دیرپا امن کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے اور آنے والے دنوں میں مزید مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔


