پشاور: کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے کے حوالے سے جاری مہم کا ڈویژنل ٹاسک فورس اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا، جس میں ڈویژن کے پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع خیبر اور ضلع مہمند کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران جاری پولیو مہم کے اہداف کے حصول اور اس کی کامیابی کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن نے ہدایت کی کہ مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ہر سطح پر مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔
انہوں نے پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے حوالے سے فول پروف انتظامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹیموں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں مختلف اضلاع میں پولیو کے ماحولیاتی نمونوں کے منفی آنے اور انکاری والدین کی تعداد میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، تاہم ہدایت کی گئی کہ باقی ماندہ انکاری والدین کو بھی مؤثر آگاہی اور رابطہ مہم کے ذریعے قائل کیا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔
کمشنر پشاور ڈویژن نے تمام اضلاع کو ہدایت کی کہ مقررہ ہدف ہر صورت میں حاصل کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مہم کے اہداف کو کامیابی سے حاصل کیا جا سکے۔


