تخت بھائی میں آلودہ پانی کے استعمال کے باعث ہیپاٹائٹس اے، بی اور سی کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا نے فوری اقدام اٹھاتے ہوئے فری میڈیکل و سکریننگ کیمپ کا انعقاد آج کیا ہے۔ الخدمت ہیلتھ یونٹ پشاور سے ماہر ڈاکٹرز اور طبی عملے پر مشتمل ٹیم کو تخت بھائی کے علاقوں وارڈ نمبر 3 اور اسلم کلے باجوڑ کورونہ روانہ کر دیا گیا ہے، جہاں متاثرہ مریضوں کا مفت معائنہ اور ابتدائی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مقامی ذرائع کے مطابق گندے پانی کے استعمال کے باعث علاقے میں متعدد افراد ہیپاٹائٹس جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں، جس پر عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ فری میڈیکل و سکریننگ کیمپ آج بروز پیر 13 اپریل صبح 9 بجے وارڈ نمبر 3 تخت بھائی میں منعقد ہوگا، جہاں مریضوں کو مفت چیک اپ، اسکریننگ اور بنیادی علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں کیمپ میں شرکت کریں اور اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں، جبکہ ماہرین نے صاف پانی کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر بھی زور دیا ہے۔


