پشاور: خیبرپختونخوا میں ثقافت اور ثقافتی ورثے کے فروغ و تحفظ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بٹھا کر مکالماتی نشست منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ یہ فیصلہ کلچر جرنلسٹس فورم خیبر پختونخوا کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت فورم کے صدر احتشام طورو نے پشاور پریس کلب میں کی۔
اجلاس میں شرکاء نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ ثقافت کے شعبے کو محض موسیقی اور ڈراموں تک محدود کر دینا لمحہ فکریہ ہے، جبکہ ثقافت ایک ہمہ جہت تصور ہے جس میں زبان، ادب، روایات اور طرزِ زندگی کے تمام پہلو شامل ہوتے ہیں۔
دریں اثناء فورم کے ایک وفد نے پی ٹی وی پشاور مرکز کا دورہ کیا جہاں جنرل منیجر ابراہیم کمال سے ملاقات کی گئی۔ وفد کی قیادت احتشام طورو کر رہے تھے جبکہ نائب صدر امجد علی خادم اور فنانس سیکرٹری امجد ہادی یوسفزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً خیبرپختونخوا کی ثقافت اور ثقافتی ورثے کے فروغ، مقامی فنکاروں کی فلاح و بہبود اور میڈیا کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ابراہیم کمال نے کہا کہ کلچر جرنلسٹس فورم کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور ادارہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
فورم کے صدر احتشام طورو نے اس موقع پر کہا کہ صوبے کی حقیقی ثقافت اور ورثے کے تحفظ کے لیے تمام سنجیدہ حلقوں کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پی ٹی وی پشاور کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جلد مختلف اداروں کے سربراہان اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ علاوہ ازیں پشاور میں جلد ایک جامع مکالماتی نشست منعقد کی جائے گی جس میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کر کے ان کی آراء کی روشنی میں قابلِ عمل تجاویز مرتب کی جائیں گی۔


