ایبٹ آبادصوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026 کا افتتاح کر دیا۔ خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد “سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول 2026” کے پہلے مرحلے کا افتتاح کر دیا۔ سمر لرننگ اینڈ گرومنگ فیسٹیول کی افتتاحی جلال بابا ایڈیٹوریم ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ، چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد عنایت اللہ وسیم، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم حیات شاہ، ایجوکیشن ایڈوائزر (ای ایس آر یو) میاں سعدالدین، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام، مقامی اور دیگر اضلاع سے آئے ہوئے طلبہ و طالبات، اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر تعلیم نے طلبہ کے ہمراہ کیک کاٹ کر فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا جبکہ رنگارنگ افتتاحی تقریب میں طلبہ نے تقاریر، ٹیبلوز، بینڈ پرفارمنس اور دیگر تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا کہ تبدیلی لانے کے لیے ٹیم ورک ناگزیر ہے اور اس فیسٹیول میں اسی جذبے کی عملی جھلک نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بھرپور سرپرستی سے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کا فیسٹیول منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں صوبے بھر سے تقریباً دو ہزار بچے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو مختلف علاقوں کی ثقافت اور روایات سے آگاہی حاصل ہوگی، جس سے ان کی شخصیت میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات، تبدیلی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ اساتذہ کو ان کا جائز مقام اور عزت دیے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، تمام شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر محکمہ تعلیم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی کام جاری ہے، اسی سلسلے میں پرائمری سکولز کے لیے الگ ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کا ارادہ ہے اور بہتر امتحانی نظام کے ذریعے بنیادی تبدیلی لا کر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اسی جذبے اور محنت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں۔کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم ہی انسان کو برتری اور فضیلت عطا کرتا ہے اور ہمارا دین ہر مسلمان مرد و عورت پر علم حاصل کرنا فرض قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے پاس بہترین عمارتیں اور قابل اساتذہ موجود ہیں، جبکہ ملک کا مستقبل آج کے بچوں کے ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا ایسے منصوبے پر کام کر رہے ہیں جس کے تحت ہر تحصیل میں ایک سکول کو ماڈل سکول قرار دیا جائے گا جبکہ ضلع کا ہر افسر ایسے ایک سکول کو اپنائے گا، جبکہ وہ خود بطور کمشنر ایک گرلز اور ایک بوائز سکول کو اون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان ماڈل سکولوں میں اساتذہ کی تربیت، سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے حصے کی شمع ضرور روشن کرنی چاہیے۔چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد عنایت اللہ وسیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کے لیے ایسے اقدامات کسی احسان کے مترادف نہیں بلکہ ہماری ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی بہترین تربیت اساتذہ اور والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی سے ہی ایک بہتر اور مضبوط معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔


