میران شاہ: ضلع شمالی وزیرستان میں عوامی تنازعات کے فوری اور پرامن حل کے لیے ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (DRC) کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سجاد حسین نے نومنتخب اراکین سے حلف بھی لیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل کا بنیادی مقصد خاندانی اختلافات، جائیداد اور اراضی کے تنازعات، مالی معاملات، ہمسایوں کے جھگڑوں اور دیگر عوامی مسائل کو باہمی رضامندی، افہام و تفہیم اور مصالحت کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کرنا ہے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بروقت اور مؤثر انصاف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل نہ صرف عوامی تنازعات کے پرامن حل میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ میں بھی مؤثر ثابت ہوگی۔
ڈی پی او سجاد حسین نے امید ظاہر کی کہ کونسل کے اراکین دیانتداری، غیرجانبداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے ضلع میں امن، بھائی چارے، سماجی ہم آہنگی اور عوامی فلاح کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں گے۔

