Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, August 5, 2026

ہنگو میں پولیس شہداء کی یاد میں مرکزی تقریب، قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش

ہنگو: پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں پولیس شہداء کی یاد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کے آغاز پر یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے گئے جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق حبیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہداء نے ملک و قوم کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی دیار خان زخمی ہونے کے باوجود دہشت گردوں کے سامنے ثابت قدم رہے اور سرنڈر کرنے کے بجائے وطن اور اپنی مٹی کے دفاع میں جان قربان کر دی۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کی دہشت گردوں سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی بلکہ وہ صرف وطن کے دفاع اور عوام کے امن کے لیے لڑ رہے تھے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر علمگیر یوسفزئی نے کہا کہ آج کا دن پولیس شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملک میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں اور پاک فوج، ایف سی، پولیس اور سول سوسائٹی دہشت گردی کے خلاف چٹان کی مانند متحد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خزینہ حملے کے بعد کارروائی کے دوران دہشت گرد کمانڈر کو ہلاک کر دیا گیا اور کسی کو بھی ملک میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو شوکت عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے اور غازیوں و شہداء نے بہادری اور قربانی کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

ہنگو میں پولیس شہداء کی یاد میں مرکزی تقریب، قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش

Shopping Basket