بونیر: خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے جوخیلہ فٹ بال گراؤنڈ میں منعقدہ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے اور کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔

Minister Riaz Khan
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاض خان نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کے فروغ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی توانائیاں تعلیم، کھیل اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کامیاب فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں معاشرتی ہم آہنگی، بھائی چارے اور صحت مند ماحول کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ریاض خان نے علاقے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔


