اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2026 کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے امتحان 16 اگست 2026 کے بجائے 20 ستمبر 2026 کو منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ کونسل نے امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کو آگاہ کیا ہے کہ امتحان کی نئی تاریخ مقرر کرنے کا مقصد امتحانی عمل کو مزید شفاف، محفوظ اور منظم بنانا ہے تاکہ تمام امیدواروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
کونسل کے مطابق امتحان سے متعلق دیگر تمام شرائط، ضوابط اور انتظامات بدستور برقرار رہیں گے، جب تک کہ کسی نئی ہدایت کا باضابطہ اعلان نہ کیا جائے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات اور امتحان سے متعلق ہدایات کے لیے باقاعدگی سے کونسل کی سرکاری ویب سائٹ اور سرکاری ذرائع ابلاغ سے رجوع کریں۔
کونسل نے شیڈول میں تبدیلی کے باعث ہونے والی ممکنہ زحمت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے طلبہ، والدین اور دیگر متعلقہ فریقین کے تعاون اور تفہیم کو سراہا۔


