ضلع مہمند میں بارودی مواد اور پٹاخوں کی غیر قانونی خرید و فروخت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اپر مہمند کے ہیڈکوارٹر غلنئی کے اسسٹنٹ کمشنر سکندر افضل کی سربراہی میں تحصیلدار سیار احمد اور پولیس اہلکاروں نے میاں منڈی بازار میں مختلف دکانوں پر چھاپے مارے، جہاں سے بھاری مقدار میں بارودی پٹاخے اور دیگر بارودی مواد برآمد کرلیا گیا، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔انتظامیہ کے مطابق ایل-4 کے تحت تمام قبائلی اضلاع میں بارودی مواد رکھنے اور اس کے استعمال پر پابندی عائد ہے، جبکہ لائسنسز بھی منسوخ کیے جا چکے ہیں۔ اس کے باوجود بعض افراد کی جانب سے بارودی پٹاخے اور دیگر ممنوعہ مواد دکانوں میں رکھنے اور فروخت کرنے کی اطلاعات پر ضلع مہمند میں کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر سکندر افضل اور تحصیلدار سیار احمد نے پولیس کے ہمراہ میاں منڈی بازار میں مختلف دکانوں کی تلاشی لی، جہاں سے بڑی مقدار میں بارودی پٹاخے برآمد ہوئے۔ انتظامیہ نے برآمد شدہ بارودی مواد کو تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔اپنے دفتر ہیڈکوارٹر غلنئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سکندر افضل نے کہا کہ میاں منڈی بازار میں گزشتہ دنوں اور ماضی میں بھی مختلف دکانوں میں آتشزدگی کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جس کے باعث بازار میں جانی و مالی نقصان کا خطرہ موجود ہے۔ ایسے حساس ماحول میں دکانوں میں بارودی مواد کا ذخیرہ کرنا انتہائی خطرناک اور ناقابلِ قبول ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلع مہمند میں کسی بھی شخص کو بغیر قانونی اجازت، لائسنس اور مقررہ ایس او پیز کے بارودی مواد رکھنے، فروخت کرنے یا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ اگر کسی دکان یا فرد سے ممنوعہ بارودی مواد برآمد ہوا تو ذمہ دار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر سکندر افضل نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بازاروں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے بارودی مواد کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ انتظامیہ کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے۔ممنوعہ اور غیر قانونی بارودی مواد رکھنے سے گریز کریں، بصورت دیگر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد غیر قانونی طور پر بارودی مواد رکھنے یا فروخت کرنے والے افراد کی نشاندہی کریں تاکہ بروقت کارروائی کرکے کسی بھی ممکنہ حادثے یا جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے


