Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, October 30, 2026

ایبٹ آبادکمشنر ہزارہ کی زیرِ صدارت فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہ رخ علی کی زیرِ صدارت فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی ہزارہ ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس جمعرات کے روز ان کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی اور ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہریپور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر نے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی کارکردگی، جاری اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔کمشنر ہزارہ نے اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ، غیر معیاری خوراک اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آٹا ملوں، دودھ، گوشت، ہوٹلوں اور دیگر غذائی مراکز کی باقاعدہ جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کی حدود میں دودھ اور دیگر اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مؤثر نگرانی کی جائے، جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز مذبحہ خانوں کا خود دورہ کرکے رپورٹ کمشنر آفس کو ارسال کریں۔ ہوٹلوں اور دکانوں کے مستند لائسنس، ملازمین کی طبی جانچ اور خوراک کے معیار پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے ماڈل ریڑھیوں کے منصوبے کو مؤثر بنانے اور حطار صنعتی علاقے میں خوردنی اشیاء کی خصوصی نگرانی کی ہدایت بھی کی۔شاہ رخ علی نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے ملاوٹ اور جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے فوڈ سیفٹی اتھارٹی ہزارہ ڈویژن کی عوامی مفاد میں جاری سرگرمیوں کو ذرائع ابلاغ اور سماجی رابطوں کے ذریعے اجاگر کرنے اور ادارے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کمشنر آفس کو باضابطہ آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ایبٹ آبادکمشنر ہزارہ کی زیرِ صدارت فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

Shopping Basket