کورکمانڈر پشاور لفٹینٹ جنرل حسن اظہر حیات نے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے اتمانزئی قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔ اتمانزئی قبائلی عمائدین نے پاک فوج کے غیر متزلزل جذبے کو سراہتے ہوۓ کہا کہ قبائلی عوام پاک فوج کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ کور کمانڈر نے کہا کہ پاک فوج قبائلی علاقوں میں عوام کی فلاح وبہبود کیلۓ اپنے تمام تر وسائل بروۓکار لا رہی ہے۔ پاک فوج خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ ملکر قبائل کی بتدریج اپنے اپنے علاقوں میں واپسی سمیت معدنیات و دیگر شعبوں بشمول تعلیم کی بہتر فراہمی میں نوجوانوں کی نمائندگی کو یقینی بنانے کیلۓ ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔کور کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام کا پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے پر شکریہ ادا کیا۔ اتمانزئی قبائلی عمائدین نے اس عہد کا اظہار کیا کہ قبائلی عوام ہمیشہ کی طرح ملکی بقاء اور سالمیت کیلۓ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
کورکمانڈر پشاور لفٹینٹ جنرل حسن اظہر حیات عما ئدین نے شمالی وزیرستان کے 50 قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیااور موقع پر 30 قیدی کو رہا کیا۔جبکہ دیگر 20 قیدی میرانشاہ میں رہا کئے گئے۔ اتمان زئی کے مشران نے کور کمانڈر پشاور و جی او سی سیون ڈویژن کا شکریہ ادا کیا ۔ اس مو قع پر جی او سی میجر جنرل سیون ڈویژن انجم ریاض اوراتمان زئی کے چیف آف شمالی وزیرستان ملک نصر اللہ خان و دیگر بھی شریک تھے۔ مشران نے کور کمانڈر پشاور کو شمالی وزیرستان کے دورہ کی دعوت بھی دی ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق ہوا کہ امن و امان کے قیام کیلئے مل کر لڑیں گے امن و امان کے قیام کا کام صرف افواج پاکستان کا نہیں بلکہ عوام کا بھی تعاون ہونا ضروری ہے۔ عوام کے تعاون کے بغیر قیام امن کا خواب ادھورا ہے کور کمانڈر پشاور نے اتمان زئی کے مشران کو یقین دلایا کہ انشاء اللہ عنقریب شمالی وزیرستان کا دورہ کروں گا اور ان کی درپیش مشکلات کو دور کروں گا اور تمام قبائل سے ملاقات کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ میں شمالی وزیرستان کی آواز بنوں گا اور ترقی کیلئے دن رات ایک کروں گا۔ رہا ہونے والے قیدیوں کے ورثاء نے پاک فوج اور سیون ڈویژن کا شکریہ ادا کیا۔