انسدادبدعنوانی کے حوالے سے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبادکیپٹن( ر )ثنا ء اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ “بدعنوانی ایک ایسا ناسور ہے جو معاشرتی، معاشی اور انتظامی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس کے خاتمے کیلئے ہم سب کو انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ شفافیت، دیانتداری اور قانون کی حکمرانی وہ اصول ہیں جن پر عمل کر کے ہم ایک بہتر اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا انسداد بدعنوانی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، تاہم اس مقصد میں کامیابی تب ہی ممکن ہے جب عوام اور تمام ادارے مل کر کام کریں اور بدعنوان عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے یونیورسٹی کے ملازمین سے انسدادِ بدعنوانی کے حوالے سے حلف لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حلف برداری کا مقصد ادارے میں شفافیت اور ایمانداری کے کلچر کو فروغ دینا ہے تاکہ بدعنوانی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔سیمینار میں وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر ملک مجدد الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے بدعنوانی کے خلاف شعور بیدار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمیں نوجوان نسل کو اس بات کی تربیت دینی ہوگی کہ وہ شفافیت اور ایمانداری کے اصولوں پر کاربند رہیں۔دیگر مقررین میں ڈائریکٹر فنانس عمران جاوید، چیئرمین ایم ایل ٹی ڈاکٹر اعظم حیات، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اجمل خان جدون، اور ڈپٹی ڈائریکٹر یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر قاضی خرم شامل تھے۔ مقررین نے انسدادِ بدعنوانی کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے عملی تجاویز پیش کیں۔سیمینار کے اختتام پر مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تمام شرکائ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پروگرامز معاشرتی اصلاح کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے طلبائ و طالبات پر زور دیا کہ وہ ایمانداری، دیانتداری اور قانون کی پاسداری کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں تاکہ ایک مضبوط اور بدعنوانی سے پاک پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ملازین سے انسداد بد عنوانی کے حوالے سے حلف بھی لیا ۔سیمنار کے آخر میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر نگرانی آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا ۔جس میں یونیورسٹی ملازمین ، اساتذہ ،طلبا ئ و طا لبات نے بھر پور شرکت کی۔