خیبر پختونخوا کے دو لاکھ طلبہ کو ڈیجیٹل اسکلز سکھانے کا معاہدہ

خیبرپختونخوا میں تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت میں اضافے کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا اور سی پیک کلچرل کمیونیکیشن سنٹر عوامی جمہوریہ چین کے درمیان ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت صوبے میں سرکاری کالجوں کے دو لاکھ طلبہ کو مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل اسکلز سکھائے جائیں گے جن میں ویب ڈیویلپمنٹ، ایپ ڈیویلپمنٹ، سائبرسیکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، گرافک ڈیزائننگ اور دیگر شامل ہیں۔  اس سلسلے میں جمعرات کے روز پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے بذریعہ ویڈیو لنک تقریب میں شرکت کی جبکہ نگران صوبائی کابینہ کے اراکین ڈاکٹر نجیب اللہ، ڈاکٹر عامر عبداللہ اور ڈاکٹر قاسم جان کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام تقریب میں موجود تھے۔

مفاہمتی یاداشت کا حتمی مقصد نوجوان طلبا ء کو مارکیٹ بیسڈ تربیت کی فراہمی اور صوبے کی ہنرمند افرادی قوت میں اضافے کیلئے محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا اور سی پیک کلچرل کمیونیکیشن سنٹر کے درمیان طویل المدتی اسٹریٹیجک شراکت داری قائم کرناہے جس کے تحت ٹارگیٹڈ طلباء کے لئے ڈیجیٹل سکلز اینڈ ٹریننگ پروگرامز کا اہتمام کیا جائے گا۔ مفاہمتی یادداشت کی رو سے تربیت مکمل کرنے والے طلبا ء کو متعلقہ شعبوں میں روزگار کے موقع کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات بھی اٹھائیں جائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مذکورہ شراکت داری پر محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا اور سی پیک کلچر کمیونیکشن سنٹر کے متعلقہ حکام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف صوبے میں ڈیجیٹل اسکلز کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہو گی بلکہ پاک چین دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کا موجب ہوگی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نگران صوبائی حکومت صوبے کے نوجوانوں کو مارکیٹ بیسڈ تربیت اور ڈیجیٹل سکلز کی فراہمی اور ہنرمند افرادی قوت میں اضافے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں تربیت یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کی فراہمی کیلئے ہیومن کیپٹل ایکسپورٹ اسٹریٹیجی بھی وضع کی گئی ہے۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم اور سی پیک کلچرکمیونیکیشن سنٹر کے مابین شراکت داری مذکورہ اسٹریٹیجی کے تحت اہداف کو حاصل کرنے کے سلسلے میں ایک بہترین اقدام ثابت ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بغیر وقت ضائع کئے مفاہمت کی یادداشت پر عملدرآمد شروع کیا جائے، صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket