پشاور: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور خیبرپختونخوا کے عوام امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور اور پولیس نے صوبے میں امن برقرار رکھنے کے لیے قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون ضروری ہے۔ تمام قومی ادارے متحد ہو کر کام کریں تو امن اور ترقی کا عمل نہیں روکا جا سکتا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ ایپکس کمیٹی کا مقصد صوبے کے مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل حکمتِ عملی وضع کرنا ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت کے تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایسا ماحول تشکیل دینا ضروری ہے جہاں ہر شہری خود کو محفوظ سمجھے اور ترقی کے عمل میں بھرپور حصہ لے سکے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق اور صوبے کے باہمی تعاون سے خیبرپختونخوا کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا مثالی صوبہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ اور خوشحالی کے لیے دونوں حکومتوں کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔


