بیرون ملک سیاسی پناہ لینے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہیں ہوگا ۔قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئےوزارت داخلہ نے دوسرے ممالک میں پناہ لینے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو اسلام آباد میں وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے تمام پاکستانی شہری جو دوسرے ممالک میں کسی بھی بنیاد پر سیاسی پناہ حاصل کریں گے وہ پاکستانی پاسپورٹ حاصل نہیں کر سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق ایسے تمام پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ کر دیے جائیں گے اور ان کی تجدید بھی نہیں کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وزارت داخلہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اس کی کاپیاں وزارت خارجہ اور دیگر تمام متعلقہ حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔