پابندی جمعہ کو صبح 6 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک نافذ العمل رہے گی۔گلیات کے بازاروں میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز 23مئی کو ہوگا۔وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا زاہد چن زیب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے گلیات میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعمیراتی سامان لیکر جانے والی گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی لگا دی گئی جبکہ گلیات کے بازاروں میں قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغازآج 23مئی سے کیا جائے گا۔اس سلسلے میں گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے باقاعدہ طور پراعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق سڑک پر تعمیرانی سامان پھینکنا، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا سبب بننے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا جبکہ تعمیراتی سامان لیجانے والی گاڑیوں پر پابندی جمعہ صبح 6 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے نافذ رہے گی۔ واضح رہے کہ مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے گزشتہ ہفتے گلیات کے مختلف مقامات کا دورہ کیا تھا اور وہاں قائم تجاوزات کے خاتمے، پبلک پارکس کی تزہین و آرائش، مردو خواتین کیلئے واش رومز کی فراہمی سمیت دیگر احکامات جاری کئے تھے جن پر عملدرآمد کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز بھی آج سے کردیا گیا ہے۔