پشاور: پاک فوج کے عظیم شہداء کے لواحقین کے اعزاز میں ایک پُروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سال 2024 اور 2025 کے شہداء کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
تقریب میں کور کمانڈر پشاور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات کر کے وطنِ عزیز کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے آغاز پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر پشاور نے کہا کہ “شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں وطن کی سلامتی اور بقا کی ضامن ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کبھی اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتی۔
کور کمانڈر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج اور پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑی رہے گی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر کور کمانڈر پشاور نے شہداء کے لواحقین میں تحائف تقسیم کیے اور ان کے حوصلے، صبر اور قربانی کو سراہا۔


