Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, July 9, 2025

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے علاقائی سیکیورٹی، پاکستان کی عسکری حکمت عملی اور بھارت کی حالیہ ناکام کارروائیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

فیلڈ مارشل نے اس موقع پر سول و عسکری اداروں کے مابین ہم آہنگی کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے تمام اداروں کا ہم آہنگ کردار ناگزیر ہے۔

Field Marshal Syed Asim Munir visits National Defense University Islamabad

انہوں نے بھارت کے حالیہ “آپریشن سندور” کی ناکامی کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی اپنی عسکری ناکامیوں کو چھپانے کے لیے غیر منطقی توجیہات پیش کر رہا ہے، جو درحقیقت اس کی کمزور آپریشنل تیاری اور ناقص اسٹریٹجک بصیرت کو بے نقاب کرتا ہے۔

فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے “آپریشن بنیان مرصوص” میں پاکستان کی کامیابی کو بیرونی مدد سے جوڑنا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ حقائق کے بھی منافی ہے۔ ایسے بیانات دراصل پاکستان کی دہائیوں پر محیط مقامی تیاری، مضبوط اداروں اور اسٹریٹجک سمجھ بوجھ پر مبنی کامیابیوں کو تسلیم کرنے سے روایتی ہچکچاہٹ کا اظہار ہیں۔

انہوں نے بھارت کی اس کوشش کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ دو طرفہ فوجی تصادم کو بین الاقوامی رنگ دے کر خطے میں خود ساختہ “نیٹ سیکیورٹی پرووائیڈر” کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ یہ ناکام کوشش ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب خطے کے اکثر ممالک بھارت کے جارحانہ اور ہندوتوا پر مبنی نظریات سے نالاں ہیں۔

اس کے برعکس، پاکستان نے ہمیشہ اصولی سفارت کاری، باہمی احترام اور دیرپا امن کی بنیاد پر عالمی برادری سے تعلقات استوار کیے ہیں، اور خود کو ایک “نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر” کے طور پر منوایا ہے۔

فیلڈ مارشل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا فوری، شدید اور منہ توڑ جواب دے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی خودمختاری، آبادی کے مراکز، فوجی اڈوں، اقتصادی اثاثوں یا بندرگاہوں پر کسی بھی حملے کا جواب نہ صرف سخت بلکہ سوچ سے بڑھ کر تکلیف دہ اور گہرا ہوگا۔ اس کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی، جو ایک ایٹمی ریاست کے خلاف غیر ذمہ دارانہ جارحیت کے ممکنہ تباہ کن نتائج کا ادراک کرنے میں ناکام ہے۔

فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنگیں میڈیا کی بیان بازی، درآمد شدہ ہتھیاروں یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ مضبوط یقین، پیشہ ورانہ مہارت، ادارہ جاتی صلاحیت اور قومی عزم سے جیتی جاتی ہیں۔

آخر میں، انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی جنگی تیاری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جذبے پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فارغ التحصیل افسران پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، بے لوث خدمت اور قوم سے غیر متزلزل وفاداری کو اپنا شعار بنائیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ

Shopping Basket