وصال محمد خان
گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ٹویٹراکاؤنٹ سے شیخ مجیب کی ایک ویڈیوشیئرکی گئی بظاہرتواس ویڈیوکاپاکستان کے موجودہ سیاسی یامعاشی حالات سے کوئی مطابقت نہیں ،نہ ہی پاکستان میں موجودکوئی فردشیخ مجیب سے کوئی انسیت یامحبت رکھتاہے نہ ہی محب وطن پاکستانی شیخ مجیب کوچاہتے ہیں اورنہ ہی کسی کواسکی یادآتی ہے شیخ مجیب جیسے بھی تھے جوبھی تھے مگرانکی وجہ سے دنیاکاسب سے بڑامسلم ملک دولخت ہوا۔ اس وقت کے حالات وواقعات جوبھی رہے مگرشیخ مجیب ہی پاکستان ٹوٹنے کاسبب بنے تھے انہوں نے پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی مددسے پاکستان کودولخت کیااور پاکستان کیساتھ دشمنی کاکوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ عمران خان کے ٹویٹراکاؤنٹ سے مجیب الرحمان کی ویڈیو اپلوڈ کرنے سے ان کاجوبھی مطلب ہومگربظاہریہی ایک مطلب لیاجا سکتاہے کہ وہ بھی شیخ مجیب کے ہم خیال ہیں ،انہیں اپناہیرو مانتے ہیں یاپھروہ یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ وہ بھی انہی کی طرح ملک توڑنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ جب سے عمران خان کی حکومت سے بے دخلی عمل میں آئی ہے تب سے انکے اقدامات اوربیانات سے ذہنی دیوالیہ پن جھلک رہاہے۔ وہ بسااوقات ایسے بیانات اورپیغامات جاری کرتے ہیں جس پراچھے بھلے سنجیدہ آدمی کی بھی ہنسی چھوٹ جاتی ہے۔ انہوں نے دوآرمی چیفس کوغدارقراردیا۔ انہیں اقتداردلانے میں جنرل باجوہ کاکرداربدرجہء اتم موجودتھااسی سبب عمران خان انکی تعریفوں کے پل باندھتے تھے اورانہیں وہ القابات وخطابات دیتے رہے جوان سے پہلے کسی وزیراعظم نے کسی آرمی چیف کونہیں دئے انہوں نے جنرل باجوہ کوقوم کاباپ تک قراردیامگراقتدار سے رخصتی کے بعدانہوں نے انہیں میرجعفر،میرصادق اورجانورتک قراردیا۔ جنرل باجوہ کی عہدے سے سبکدوشی کے بعد انہوں نے دنیاکاہرالزام انکے سرتھوپ دیاچونکہ جنرل باجوہ سروس رولزکے تحت جواب دینے سے قاصر تھے، اسلئے انہوں نے خودکومادرپدرآزادسمجھ لیااوراپنے دورِاقتدار کی تمام غلطیوں ،کوتاہیوں اورنااہلیوں کیلئے جنرل باجوہ کوذمہ دارٹھہرادیا۔ اسکے بعدجنرل عاصم منیرکی بطورآرمی چیف تقرری میں روڑے اٹکانے کی کئی ناکام کوششیں کیں حتیٰ کہ حکومت وقت کو آرمی چیف تقرری میں مشاو رت کی پیشکش کرڈالی حالانکہ ایساکوئی قانون موجودنہیں کہ کسی سیاسی راہنمایاسابق وزیراعظم کواس قسم کی تقرری میں شامل کیاجائے یاانکے ساتھ کوئی مشاورت کی جائے۔ گزشتہ ماہ انہوں نے موجودہ آرمی چیف پربے بنیاد،لغواوربے جاالزام تراشی کی کبھی وہ اپنی بیگم کواورکبھی خودکو قتل کرنے کے من گھڑت الزامات فوجی قیادت پر عائدکرتے رہتے ہیں وزیرآبادحملہ میں بھی انہوں نے اعلیٰ فوجی قیادت پرلغوالزامات لگائے تھے دراصل وہ محض خبروں اورتبصروں میں اِن رہنے کیلئے یہ سارے جتن کرتے ہیں میڈیااورخصوصاًسوشل میڈیاکافوکس حاصل کرنے کیلئے وہ کچھ بھی کردیتے ہیں حالانکہ انکی اکثرباتیں بے سروپاہوتی ہیں ان کامقصدصرف ایک ہی ہے کہ وہ ایسی کوئی بات کہہ دیں یاکوئی ایساکام کرگزریں جس کی بدولت ساری دنیاکی توجہ انکی جانب مبذول ہواوروہ مرکزنگاہ بن جائیں۔ وہ چونکہ کرکٹررہے ہیں اورکرکٹرکی خواہش ہوتی ہے کہ وہ جب بھی گراؤنڈمیں اترے تمام نگاہیں اس کاطواف کریں اوروہ کوئی ایساکارہائے نمایاں انجام دے جس سے وہ مرکزنگاہ بن جائیں بالکل یہی طریقہ وہ سیاست میں استعمال کرکے اس مقام تک پہنچے ہیں وہ ہرچھوٹے سے معاملے کولائیومیچ میں تبدیل کردیتے ہیں ساری دنیاکی توجہ کا مرکز بنادیتے ہیں اوراسکی مقبولیت پربغلیں بجاکرخوش ہوتے رہتے ہیں۔ اپنی مقبولیت کے زعم میں وہ یہ تک بھول جاتے ہیں کہ انکے اس کردارسے ملک وقوم کاکیانقصان ہوگا؟ انہیں ملک وقوم کے نقصان یافائدے سے کوئی غرض نہیں اسی لئے انہوں نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمان والی ویڈیوجاری کی یاکروائی مگراس ویڈیو نے عمران خان کی رہی سہی ساکھ کوبھی داؤپرلگادیاہے۔ وہ گزشتہ دوسالوں سے امریکہ کواپنے خلاف سازش کیلئے موردالزام ٹھہراتے ہیں مگراب پارٹی ترجمان نے انکشاف فرمایاہے کہ ان کاٹویٹراکاؤنٹ امریکہ سے ہینڈل ہوتاہے جس ملک نے انکے خلاف سازش کرکے انہیں اقتدارسے ہٹایاان کاسوشل میڈیااکاؤنٹ اسی ملک سے آپریٹ ہورہاہے اوروہ عظیم محب وطن اورحریت پسند بن کرحب الوطنی کے سرٹیفکیٹس بانٹ رہاہے۔ ان کاٹویٹراکاؤنٹ امریکہ سے ہینڈل ہونے کے انکشاف سے دوباتیں واضح ہوئیں یاتوامریکی سازش کاالزام جھوٹ تھااوراگریہ سچ تھاتو امریکہ جیسے پاکستان دشمن ملک سے ان کااکاؤنٹ آپریٹ ہونااس کی علامت ہے کہ وہ اب ملک دشمن قوتوں کے آلہء کاربن چکے ہیں اور انکے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ شیخ مجیب والی ویڈیوکی دفاع کیلئے انکے ترجمان اورنام نہادپارٹی راہنمابھی ادھرادھرکی ہانک رہے ہیں رؤف حسن نے ایک دن اسی ویڈیوکیلئے پریس کانفرنس کی جبکہ دوسر ے ہی دن ایک سوال پران کاکہناتھاکہ ویڈیو انہوں نے نہیں دیکھی۔ سوشل میڈیاکے ذریعے چلنے والی پارٹی کے ترجمان نے چاردن تک اپنے قائد کی وہ ویڈیوہی نہیں دیکھی جس پروہ خود ایک دن قبل پریس کانفرنس کرچکے ہیں کوئی خودساختہ راہنمااس سے بریت کااظہارکررہا ہے توکوئی اسے اپنارہاہے پوری پارٹی کنفیوزڈہے کہ اس نازیباحرکت کادفاع کیاجائے، اسے سراہاجائے یا مذمت کی جائے۔ چونکہ تحریک انصاف نامی فتنہ کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ فردواحدکی لمیٹڈکمپنی ہے جس سے اسی قسم کی اوچھی حرکتوں کی توقع کی جاسکتی ہے آج توعمران خان نے پاکستان کودولخت کرنے والے شیخ مجیب کی ویڈیوجاری کی ہے انکی نظرکرم شاستری ،اندراگاندھی،بیت اللہ محسودوغیرہ پربھی پڑسکتی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کوان اوچھی حرکتوں سے بازآجاناچاہئے انہی الٹی سیدھی حرکات کے نتیجے میں وہ وزیراعظم کی کرسی سے جیل پہنچے ہیں۔ انہیں اقتدارکی طلب میں دیوانگی والی اس نارواطرزسیاست پرنظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔