خیبرپختونخوا حکومت کا تمام اضلاع میں دینی مدارس کو مفت سولر سسٹم کی فراہمی کا فیصلہ
صوبائی محکمہ اوقاف و مذہبی امور اس سلسلے میں جلد ہر ضلع میں محکمہ توانائی کے تعاون سے سروے کا آغاز کرے گا-
خیبرپختونخوا حکومت نے دینی تعلیم کے فروغ اور طلباء کو دینی تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے صوبے بھر بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ایک ہزار سے زائد دینی مدارس میں مفت سولرسسٹم کی تنصیب کا فیصلہ کرلیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ اوقاف ومذہبی امور خیبرپختونخوا جلد ہر ضلع میں دینی مدارس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے صوبے بھر میں محکمہ توانائی کے تعاون سے سروے کا آغاز کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف کی درخواست پر سیکریٹری توانائی و برقیات نثاراحمد خان کی زیرصدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت رجسٹرڈ دینی مدارس کی سولرائزیشن کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری اوقاف و مذہبی امور عادل صدیق، پراجیکٹ ڈائریکٹرسولرائزیشن انجینئراسفند یار خان موسیٰ زئی اور سینئر پلاننگ آفیسر انجینئر لقمان حکیم نے شرکت کی۔