گورنر خیبرپختونخوا نے گورنر ہاؤس کو عوام کیلئے مزید قابل رسائی بنانے کیلئےایک انقلابی اقدام کرتے ہوئے ماہانہ تین دن پبلک ڈیز کے طور پر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ دن عوام کو براہِ راست اپنی شکایات، مسائل اور تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا پہلا پبلک ڈے گیارہ دسمبر بروز بدھ کو منعقد ہوگا ،گورنر کی جانب سے پبلک ڈیز کے انعقاد کا مقصد عوام سے رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے پہلے ہی کھلے ہیں تاہم عوام کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لیئے مہینہ میں تین ایام ہر خاص و عام کے لیئے مختص ہیں اور انکا باقائدہ دو روز قبل اعلان بھی کیا جائے گا ۔پبلک ڈیز میں صوبے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی مشکلات اور تجاویز لے کر گورنر ہاؤس آ سکیں گے۔ یہ اقدام ان لوگوں کے لیے ایک خاص سہولت فراہم کرے گا جو اپنے مسائل حکومتی ایوانوں تک پہنچانے کے لیے کسی پلیٹ فارم کی تلاش میں ہوتے ہیں۔