صوابی: ویمن یونیورسٹی صوابی میں ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز اینڈ پبلیکیشنز اور شعبہ صحافت کے باہمی تعاون سے قائم کیے گئے پہلے میڈیا اسٹوڈیو کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں سید نے کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی مثبت کوریج اسے دیگر اداروں سے ممتاز بناتی ہے، اور طالبات اس عمل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ موجودہ دور میں ترقی کی معراج کو وہی قومیں پہنچتی ہیں جو میڈیا کو مثبت اور مؤثر انداز میں استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے ان کا کردار نہایت اہم ہے اور ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ میڈیا کے ذریعے معاشرتی مسائل کو اجاگر کریں اور مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں۔
تقریب میں یونیورسٹی کی رجسٹرار ڈاکٹر رئیسہ، انچارج فنانس محمد حسین، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ شفیع اللہ مروت، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد وہاب، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد طیب، ڈپٹی رجسٹرار محمد جبار، اور ایڈیشنل ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز و چیئرمین شعبہ صحافت اے وسیم خٹک نے بھی شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر میاں سید نے مزید کہا کہ ویمن یونیورسٹی صوابی میڈیا کی تعلیم کے میدان میں ایک نئے باب کا آغاز کر رہی ہے، اور یہ میڈیا اسٹوڈیو طالبات کو عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف طالبات کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے بہتر طور پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گی