Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, July 1, 2025

خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید ایکیڈیمک بلاک کا افتتاح

خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو ) پشاور میں پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید ایکیڈیمک بلاک کا افتتاح کردیا گیا۔ یہ افتتاح کے ایم یو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید نے اپنی بیٹی ڈاکٹر زینب جاوید کے ہمراہ کیا جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق اور رجسٹرار انعام اللہ وزیر کے علاوہ مختلف اداروں اور شعبوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ بعد ازاں افتتاحی تقریب سے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرارشد جاوید نے خطاب کرتے ہوئےوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم یو نے پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق کے سربراہی میں تھوڑے عرصے میں جو ترقی کی کے وہ قابل تحسین ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے ایم یو صحت کی تعلیم کا ایک بہترین ماڈل ہےجہاں صحت کے تمام شعبوں اور تمام سطحات کی تعلیم ایک چھت تلے دی جا رہی ہے جسکے نتیجے میں ہیلتھ ڈیلیوری کا ایک ایسا نظام پرورش پائے گا جس سے معاشرے کی عام شہری مستفید ہوسکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کے ایم یو نے علم و تحقیق کے ساتھ ساتھ صحت عامہ کی بہتری کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ دیگر اداروں کے لئے قابل تقلید ہیں۔ انھوں نے یونیورسٹی کے نرسنگ اور فزیوتھراپی بلاک کو انکے نام سے منسوب کرنے پریونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اپنی جانب سے یونیورسٹی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں عموما ًفوت شدہ شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں یادگار یں تعمیر کی جاتی ہیں یا مختلف مقامات اور عمارتوں کو وفات شدہ شخصیات کے ناموں سےموسوم کیا جا تا ہے جبکہ ہم نے اس روایت کو تبدیل کرتے ہوئے اپنے زندہ لیجنڈز کو یاد رکھنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ہم نے یونیورسٹی کا ایک بلاک یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید کے نام سے منسوب کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے قبل ہم ایک بلاک یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دائود خان اور ایک ہال دوسرے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ کے نام سے منسوب کرچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید نے یونیورسٹی کی ترویج و ترقی اور بالخصوص کورونا سے نمٹنے میں جو کردار ادا کیا وہ آئندہ نسلوں کے لئے ایک روشن مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے ایم یو نے جس سفر کا آغاز پروفیسر ڈاکٹر دائود خان اور پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ کی قیادت میں کیا تھا پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید نے اس سفرکو نہ صرف کامیابی سے جاری رکھا بلکہ نئی اختراعات کے ذریعے یونیورسٹی کو علم و تحقیق کا ایک مثالی گہوارہ بنانے کی بھی کوشش کی۔ انھوں نے کہا کہ نرسنگ اور فزیو تھراپی بلاک کو پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد جہاں انکی شبانہ روز محنت اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے وہاں اس فیصلے کے ذریعے ہم اپنی آئندہ نسلوں کو یہ مثبت پیغام بھی دینا چاہتے ہیں کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔

خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید ایکیڈیمک بلاک کا افتتاح

Shopping Basket