مردان: ایس پی ہیڈ کوارٹر مردان رضوان حبیب کی زیر نگرانی آج پولیس اہلکاروں کیلئے کونسلنگ سیشن منعقد ہوا۔ اس سیشن میں ایلیٹ فورس، ریپڈ ریسپانس فورس، ڈی اے آر اور دیگر پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ پولیس اہلکاروں کو اس کونسلنگ سیشن میں ڈسپلن کی اہمیت، غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز، اور سوشل میڈیا کے مناسب استعمال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیشن کے دوران اہلکاروں کو یہ بھی باور کرایا گیا کہ وہ غیر جانبدار رہتے ہوئے عوام کی خدمت کریں اور کسی بھی سیاسی یا انتہا پسند عناصر سے دور رہیں۔
یہ کونسلنگ سیشن انسپکٹر جنرل خیبر پختونخواہ پولیس کے احکامات کی روشنی میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پولیس اہلکاروں کو ان کے فرائض کی یاد دہانی کروانا اور ان کی رہنمائی کرنا ہے۔ اس سیشن میں اہلکاروں کو اپنے مسائل پر بات کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز رضوان حبیب نے مزید کہا کہ اس طرح کے کونسلنگ سیشنز ہر ہفتے منعقد کیے جائیں گے تاکہ پولیس اہلکاروں کی کارکردگی اور ڈسپلن میں مزید بہتری لائی جا سکے.