Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, November 13, 2025

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا انصاف فیمیل ایجوکیشن کارڈ پروگرام کا افتتاح

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے فرنٹئیر ویمن کالج پشاور میں انصاف فیمیل ایجوکیشن کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبے کی طالبات اور یتیم بچوں کے لیے مفت اعلیٰ تعلیم کے تاریخی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنے والے یتیم طلبہ کے لیے مفت اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف فیمیل ایجوکیشن کارڈ کے تحت صوبے بھر کی 55 ہزار طالبات باری باری مفت اعلیٰ تعلیم سے مستفید ہوں گی۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا کے 120 کالجز کی طالبات کو سہولت فراہم کی جائے گی، جب کہ منصوبے کے لیے حکومت نے 4.5 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ تعلیم یافتہ خواتین ہی مضبوط، خوشحال اور باشعور معاشرے کی ضمانت ہیں۔ ان کے مطابق انصاف ایجوکیشن کارڈ حقیقی معنوں میں صنفی مساوات اور خواتین کی خود اعتمادی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت خواتین کو ترقی کے ہر میدان میں برابر مواقع فراہم کر رہی ہے اور آئندہ بجٹ میں خواتین کی تعلیم کے لیے مزید فنڈز مختص کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ماڈل صوبہ بنے گا۔ اس موقع پر انہوں نے بیچلر اور ماسٹر ڈگری ہولڈرز کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا انصاف فیمیل ایجوکیشن کارڈ پروگرام کا افتتاح

Shopping Basket