خیبرپختونخوا راؤنڈاِپ

وصال محمد خان
خیبرپختونخوا میں عیدالاضحیٰ کے موقع پرشدیدگرمی اوربجلی وگیس کی ناروالوڈشیڈنگ نے عیدکامزاکرکراکردیا۔گرمی کے ستائے شہری واپڈاکے خلاف سڑکوں پرنکل آئے۔ عیدکے ایام میں احتجاجی مظاہرے اورشاہراہوں کی بندش صوبے کی تاریخ کاانوکھاواقعہ ہے ۔ پشاور ،مردان، نوشہرہ ،صوابی ،چارسدہ، کوہاٹ اوردیگرشہروں میں لوگ واپڈاکے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سڑکوں پرنکل آئے۔ جبکہ کرک میں خواتین نے بھی مجبورہوکراحتجاجی مظاہرہ کیا ۔گزشتہ برسوں میں بھی اگرچہ بجلی لوڈشیڈنگ ہواکرتی تھی مگرعیدین کے مواقع پرریلیف دیاجاتا تھااس مرتبہ یہ ریلیف بھی عوام سے چھین لیاگیا ۔جس کے نتیجے میں پشاور اورنوشہرہ میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی جبکہ ڈی آئی خان میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپورنے خودگریڈسٹیشن جاکربجلی بحال کروادی خیبرپختونخوامیں بجلی کی ناروالوڈشیڈنگ اورشدیدگرمی سے نظام زندگی مفلوج ہوچکاہے شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے سے تجاوزکرچکاہے جس سے تنگ آمدبجنگ آمدکے مصداق شہریوں نے احتجاج کاراستہ اپناتے ہوئے سڑکیں اور شاہراہیں بلاک کردیں۔ نوشہرہ میں احتجاج کے دوران سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی گاڑی بھی ٹریفک میں پھنس گئی ۔جہاں شہریوں نے پرویزخٹک کوپہچان کر ان سے شکوہ کیاکہ آپ نے ہمیں تنہاچھوڑدیاجس پران کا جواب تھاکہ آپ لوگ عمران خان کے عاشق بنے ہوئے ہیں اب پانچ سال تک بھگتیں۔وزیراعلیٰ نے عیدآبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں گزاری جہاں لوڈ شیڈنگ سے تنگ آکرانہوں نے عوام کے ہمراہ گریڈسٹیشن پردھاوابول دیااورمتعددفیڈرزکی بجلی بحال کردی ۔اسی طرح تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الٰہی نے پشاور رحمان باباگریڈسٹیشن میں گھس کر10فیڈرزآن کرکے بجلی بحال کی جس پر پیسکوحکام نے انکے خلاف ایف آئی آرکیلئے درخواست جمع کروادی ہے۔وزیراعلیٰ، علی امین گنڈاپورنے اس صورتحال کے پیش نظرخودہی لوڈشیڈنگ کاشیڈول دے دیاہے ان کاکہناتھاکہ کسی علاقے میں بارہ گھنٹے سے زائدلوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی انہوں نے پولیس اعلیٰ حکام کوبھی ہدایت کی کہ واپڈاکی جانب سے شہریوں کے خلاف ایف آئی آرزدرج نہ کی جائے انہوں نے صوبے کے پارلیمنٹرینزسے کہاکہ اپنے علاقوں کے گریڈسٹیشن جاکر بارہ گھنٹے لودشیڈنگ کے شیڈول پرعملدرآمدیقینی بنائیں مگراسکے باوجودلودشیڈنگ کانارواسلسلہ دوام پذیرہے ۔ ڈی آئی خان میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ کاکہناتھاکہ مشترکہ مفادات کونسل کے تحت بجلی کی مدمیں وفاق کے ذمے1600 رب روپے واجب الاداہیں جنکی ادائیگی کیلئے آخری وارننگ دے رہاہوں ۔وزیراعظم شہبازشریف نے مجھ سے آئی ایم ایف کیلئے تعاون مانگاتھا۔لیکن مجھے صوبے کاپیسہ چاہئے، ورنہ میں آئی ایم ایف کوبتادوں گاکہ یہ لوگ ہمارے نام پرپیسے لیکراپنی جیبیں بھرتے ہیں۔انہوں نے ایک مرتبہ پھرنیشنل گریڈکوبجلی کی سپلائی منقطع کرنے کی دھمکی بھی دے دی۔ دریں اثناصوبے میں بجلی بحران پروفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اوروزیراعلیٰ کے درمیان بھی رابطہ ہواہے وزیراعلیٰ نے انہیں بجلی پراپنے تحفظات سے آگاہ کیاوزیرداخلہ کی جانب سے دو دن میں مذاکرات اورمشاورت سے مسئلہ حل کرنے کادلاسہ دیاگیاوزیراعلیٰ نے انہیں واپڈا تنصیبات اورگریڈسٹیشنزکے تحفظ کی یقین دہانی کروادی۔ وزیرداخلہ کے مطابق انکی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوامیں لوڈشیڈنگ کامسئلہ اوردیگرمعاملات افہام وتفہیم سے حل ہوں۔
اس مرتبہ وزیراعلیٰ اورگورنردونوں نے عیداپنے آبائی علاقے ڈی آئی خان میں منائی۔ان کی غیرموجودگی پرپشاورمیں گورنر اوروزیراعلیٰ ہاؤسزویرانی کامنظرپیش کرنے لگے ان سے بیشترگورنرزاوروزرائے اعلیٰ پشاورمیں موجودرہتے تھے جہاں عید کے ایام میں بھی رونق لگی رہتی تھی سابق گورنرغلام علی نے عیدالفطرکے موقع پرگورنرہاؤس کے دروازے عوام کیلئے کھول دئے تھے مگر فیصل کریم کنڈی نے عیدآبائی علا قے میں منانے کوترجیح دی جہاں ان سے مقامی لوگ عیدملنے آئے اوراپنے مسائل بیان کئے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورنے عیدکے روز عین اس وقت پریس کانفرنس کی جب آرمی چیف جنرل عاصم منیرلائن آف کنٹرول کے دورے پرتھے اس دوران وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خا ن سے اپنی توپوں کارخ اسلام آبادکی جانب کرتے ہوئے کہاکہ‘‘ فارم 45کی حکومت قابل قبول نہیں اور انہیں لانے والوں سے کہتاہوں کہ عمران خان کورہاکیاجائے ورنہ عیدکے بعدفیصلہ کن تحریک چلائیں گے ’’۔ مشیراطلاعات بیرسٹر سیف نے بھی عیدکے روزوزیراعلیٰ پنجا ب مریم نوازپرالزام عائدکیاکہ وہ بانی پی ٹی آئی کواذیت دے رہی ہیں ۔صوبائی حکومت کے ذمہ داروں کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ کسی بھی اہم موقع پروفاق اورپنجاب کی حکومتوں کوتنقیدکانشانہ بنائیں اب انکی توپوں کارخ فوج کی جانب بھی ہوچکاہے آرمی چیف کی حاجی پیرسیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے اگلے مورچوں کے دورے پرگھروں سے دورفوجی جوانوں کی ہمت بڑھانے کے دوران انہیں سیاسی بیان بازی کاموضوع بنانااحمقانہ فعل قراردیاجاسکتاہے ۔
ضم قبائلی ضلع خیبرکی تحصیل لنڈی کوتل میں پشتونیوزچینل خیبر کے رپورٹرخلیل جبران کونامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔واقعہ عیدکے دوسرے دن منگل18جون کورات نوبجے پیش آیا۔اگلے دن لواحقین نے لاش کوپاک افغان شاہراہ پررکھ کرشدید احتجاج کیا۔خلیل جبران کی شہادت پرصوبے کی صحافتی تنظیموں نے بھی احتجاج کیا۔خیبریونین آف جرنلسٹس کی کال پرجمعرات کوپورے صوبے کی صحافی برادری نے اپنے اپنے علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے مظاہرین نے صوبائی حکومت سے صحافیوں کوتحفظ فراہم کرنے ،خلیل جبران کے قاتلوں کو گرفتارکرنے ،قرارواقعی سزادینے اورشہیدصحافی کے لواحقین کوشہداپیکیج دینے کے مطالبات کئے ۔ صدرمملکت آصف زرداری ،وزیراعظم شہبازشریف ،گورنرفیصل کریم کنڈی اوروزیراعلیٰ، علی امین گنڈاپورنے بھی شہیدصحافی کے لواحقین کیساتھ تعزیت کااظہارکیاہے۔
اس مرتبہ عیدکے موقع پرٹریفک حادثات دریاؤں ،ڈیموں اورنہروں میں ڈوبنے کے واقعات میں36افرادجان کی بازی ہارگئے۔خبررسا ں ایجنسیوں کے مطابق 16افرادنہروں اوردریاؤں میں ڈوب کرجاں بحق ہوئے جبکہ چارسوٹریفک حادثات میں سینکڑوں افراد زخمی ہو ئے۔ دولاکھ سے زائدافرا دنے صوبے کے ٹھنڈے علاقوں اورپرفضامقامات کارخ کیاٹوورازم اتھارٹی کے مطابق سب سے زیادہ81 ہزارسیا حوں نے گلیات،74ہزارنے ناران کاغان،38ہزارنے مالم جبہ جبکہ ہزاروں سیاحوں نے اپردیر،کمراٹ ،چترال اوردیگرعلاقوں کارخ کیا۔گرمی کی شدت کے باعث عیدکی چھٹیوں کے بعدبھی پرفضامقامات پرسیاحوں کارش لگاہواہے۔عیدکے پانچویں روزمدین میں سیالکوت سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے مبینہ طورپرقرآن مجیدکے اوراق جلادئے۔ جس پرمشتعل ہجوم نے پولیس سٹیشن پرحملہ کر کے سیاح کوقتل کردیا۔پشاورہائیکورٹ نے افغان موسیقاروں کوملک بدرکرنے سے روک دیاہے۔ ان موسیقاروں نے ہائیکورٹ سے استدعا کی تھی کہ افغانستان میں زندگی کاتحفظ حاصل نہیں ۔اسلئے انہیں ملک بدرنہ کیا جائے ۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket