Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, July 27, 2024

بلدیاتی الیکشن کا میلہ اور امیدواروں کا جوش و خروش

 

 خیبرپختونخوا میں 19 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی انتظامی اور سیاسی تیاریاں عروج پر ہیں جبکہ مختلف پارٹیاں سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے بعد اپنے امیدواروں کے لیے کمپین چلانے میں مصروف ہیں۔الیکشن کمیشن کی تفصیلات کے مطابق 37760 امیدوار میدان میں ہیں۔ تحصیل چیئرمین شپ کے لیے 690 امیدواروں کے کاغذات منظور کیے گئے ہیں جبکہ خواتین نشستوں کے لئے بھی 3905 امیدوار میدان میں ہیں جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔ 7513 کسان،  6081 یوتھ جب کہ 282 اقلیتی امیدوار بھی میدان میں ہیں۔

صوبے کے جن اضلاع میں 19 دسمبر کو پہلے مرحلے میں الیکشن ہو رہے ہیں ان کی تعداد 17 ہے جن میں بعض قبائلی اضلاع بھی شامل ہیں۔  خوش گوارحیرت کی بات یہ ہے کہ سب سے زیادہ جوش و خروش انہی اضلاع میں پایا جاتا ہے اور اس سے بھی بڑھ کر اطمینان کا امر یہ ہے کہ ان اضلاع میں خواتین کی بڑی تعداد الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

 اگرچہ اب کی بار ایک مرتبہ پھر بلدیاتی الیکشن غیر معمولی تاخیر سے منعقد ہو رہے ہیں اور حکومت اس تاخیر کی وجہ کووڈ 19 بتاتی آئی ہے تاہم اس کے باوجود سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کا جوش و خروش اور غیر معمولی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام بلدیاتی اداروں کے ذریعے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی چاہتے ہیں اور یہ اس ضمن میں ایک نتیجہ خیز عمل ثابت ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے اقدامات اور پالیسیوں پر عدم اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے اور انتخابی قوانین کی خلاف ورزیوں کا الیکشن کمیشن نے متعدد بار نوٹسز بھی لیا ہے جو کہ قابل تعریف ہے۔  اس ضمن میں سب سے بڑا چیلنج برسراقتدار جماعت پی ٹی آئی اور اس کی صوبائی حکومت کو درپیش ہے کیونکہ یہ پارٹی صوبے میں دوسری بار بھاری مینڈیٹ لے کر برسراقتدار آئی ہے اور اگر بلدیاتی الیکشن میں اس کی کارکردگی بہتر نہیں رہی تو اس سے حکومت کی ساکھ اور مقبولیت کافی متاثر ہو گی۔  اے این  پی، جماعت اسلامی اور جے یو آئی کے درجنوں امیدوار مختلف علاقوں سے بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں تاہم پی ٹی آئی کی ایسی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔  نتائج جو بھی نکلے خوش آئند بات یہ ہے کہ ایک آئینی اور سیاسی عمل زیر تکمیل ہے۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket