پاک افغان تعلقات اور تجارت کے لیے نئے دور کا آغاز

یہ خبر فیصلہ اور اقدام انتہائی خوش آئند اور حوصلہ افزا ہے کہ پاکستان کی بندرگاہ گوادر کے ذریعے گزشتہ اتوار کے روز پڑوسی ملک افغانستان کے لیے متحدہ عرب امارات سے سامان کا پہلا کھیپ پاکستان پہنچ گیا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ مستقبل میں نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اس میں تیزی لائی جائے گی پاکستان اور افغان کی کاروباری طبقے نے اس پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے اور ان کو توقع ہے کہ کراچی فورٹ کے ساتھ ساتھ نسبتاً جدید اور کم فاصلے والے گوادر بندرگاہ کے باعث جہاں ایک طرف دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا اور بعض رکاوٹیں دور ہو جائیں گی بلکہ مستقبل قریب میں جب سی پیک کا منصوبہ مکمل ہوگا تو پاکستان چین اور بعض دیگر ممالک کے لئے سنٹرل ایشیا کے ساتھ تجارت کا علاقائی خواب بھی تعبیر میں بدل جائے گا اور ایسا ہونے سے نہ صرف پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ پاکستان اس خطے کی علاقائی اور عالمی تجارت کا مرکز بھی بن جائے گا جس سے یہاں کی کمزور معیشت کو ناقابل یقین حد تک فائدہ ہوگا۔ سال 2003 سے سال 2018 کے درمیان کہا جا رہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ساڑھے تین سے پانچ ارب ڈالرز تک دو طرفہ تجارت ہوا کرتی تھی۔ سال 2010 کے دوران پاک افغان ٹرانزٹ ایگریمنٹ کی مدت ختم ہوئی اور تعلقات بگڑنا شروع ہو گئے تو اس کے بعد یہ محض 80 کروڑ سے ایک ارب ڈالرز کے درمیان رہ گیا جس کا ایران بعض وسطی ایشیائی ریاستوں اور ہندوستان نے فائدہ اٹھایا ۔
پاکستان کی خوش قسمتی اور جغرافیائی اہمیت یہ رہی کہ یہ افغانستان اور وسطی ایشیاء کے لئے باقی دنیا کی ضروریات کے مطابق سب سے آسان اور قریب ترین راہ کا حامل ملک ہے اور دوسرے ممالک کے مقابلے میں یہ آسان اور سستا سمجھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے کوششوں اور سازشوں کے باوجود کسی متبادل راستے کو پذیرائی اور کامیابی نہیں ملی۔ گوادر پورٹ پر یہ سہولت فراہم کرنے سے پاکستان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے اور کراچی کے مقابلے میں یہ زیادہ سود مند ، جدید اور با سہولت فورٹ ثابت ہو رہی ہے یہی وجہ ہے کہ حالیہ فیصلے کو بہت سراہا جا رہا ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ گوادر پورٹ پر پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے نہ صرف بہتر اور جدید سہولیات دی جائیں گی بلکہ غیر ضروری اور ناقابل برداشت ٹیکسز کی شرح بھی مناسب رکھی جائے گی اور جدید نظام متعارف کیا جائے گا ۔سی پیک کا روڈ سسٹم اور ریلوے ٹریکس بھی تکمیل کے مراحل میں ہے جس کے بعد سہولیات میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ طورخم اور چمن پر جدید ترین ٹرمینل بھی ہنگامی بنیادوں پر مکمل کی جانے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے بعض مشکلات کے باوجود نہ صرف طورخم اور چمن بارڈ کو 24 گھنٹے تک بھارت کے لئے کھولنے کا اقدام اٹھایا بلکہ حال ہی میں جب پاکستان کے ایک اعلیٰ سطح کا ذکر اور سفارتی وفد نے آرمی چیف کی قیادت میں کابل کا دورہ کیا تو اس کا بنیادی مقصد بھی تجارت اور بہتر تعلقات کو از سر نو ترتیب دینا تھا جس کی تجاویز کا افغان حکومت نے شاندار الفاظ میں خیر مقدم کیا۔
چند روز قبل پاکستان نے جہاں ایک طرف غلام خان، خرلاچی اور انگوراڈہ کی کراسنگ کو محدود عوامی آمدورفت اور تجارت کے لئے کھول دیا وہاں پاکستان نے اپنے روایتی حریف بھارت کی واگہ بارڈر افغان حکومت کی خصوصی درخواست پر بھی کھول دیں تاکہ افغانستان کو بھارت تک رسائی بھی دی جاسکے اس فیصلے کا بھی افغان حکومت اور تاجروں نے خیرمقدم کیا۔
گوادر پورٹ کو افغان تجارت کے لئے کھولنے پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق سفیر اور موجودہ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان نے کہا کہ اس کے افغانستان اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور تجارت پر تاریخی اثرات مرتب ہونگے ان کے مطابق پاکستان نہ صرف یہ کہ افغان امن کے لیے مثبت اور کلیدی کردار ادا کر رہا ہے بلکہ اس کے استحکام اور معاشی ترقی کے لیے بھی بہت سنجیدگی سے عملی اقدامات کر رہا ہے۔
معتبر تجزیہ کاروں ،معاشی ماہرین، تاجروں اور عوام نے اس پیشرفت اور عملی اقدامات کو بہت خوش آئند اور وقت کی ضرورت قرار دے کر اُمید ظاہر کی ہے کہ دونوں پڑوسی ممالک شرائط و ضوابط کو مؤ ثر اور آسان بنا کر مزید عملی اقدامات اٹھائیں گے تاکہ دونوں ممالک اور یہاں کے عوام کی ترقی کا راستہ ہموار کیا جا سکے۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket