پختونخوا پولیس جرت و بہادری کی داستانیں رقم کر رہی ہے، آئی جی کے پی

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس نامساعد حالات اور درپیش بے شمار چیلنجزکے باوجود آئے روز جرات و بہادری کی نئی داستانیں رقم کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں نئے تعمیر شدہ آڈیٹوریم میں صوبے کے تمام ریجنز کے پولیس افسران و جوانان کومختلف واقعات میں فرائض کی ادائیگی کے دوران بہترین کارکردگی پر تقریب تقسیمِ انعامات، نقد اور توصیفی اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل آئی جی پیز ہیڈ کوارٹرز اول خان، آپریشنزمحمد علی بابا خیل، انوسٹی گیشن عالم خان شینواری، ڈی آئی جی فنانس عباس مجید مروت، پرنسپل اسٹاف آفیسرو ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز برائے آئی جی پی سلیمان ظفر و شہزادہ کوکب فاروق اور دیگر پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی جی پی نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے تقریباً 64 فیصد واقعات صوبہ خیبر پختونخوا بالخصوص جنوبی اضلاع اور ضم شدہ اضلاع میں رونما ہورہے ہیں۔ اور یہ بات حوصلہ افزاءہے کہ تمام تر مشکلات کے باوجود خیبر پختونخوا پولیس نے ہمیشہ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر جرآت و بہادری اور بہترین پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کی مثالیں قائم کی ہیں۔ آئی جی پی نے بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان میں کلاچی، ضلع خیبر میں جمرود، لکی مروت، ضلع مہمند اور باجوڑ میں شرپسندوں کے خلاف وہاں تعینات پولیس آفسران و جوانان کی مختلف کاررائیوں میں کامیابیوں و کامرانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی مثال آپ قرار دیا۔ آئی جی پی نے تمام انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ وردی کے تقدس کا خیال رکھیں ، ہمیشہ پولیس کی نیک نامی میں اضافہ کریں اور عام لوگ بالخصوص پولیس اسٹیشن میں اپنی شکایات کے اندراج کے لیے آنے والے شکایت کنندہ گان کے ساتھ اچھا رویہ اپنائیں اور اپنے اچھے اخلاق سے اُن کے دل جیت کر فرائض سرانجام دیں۔ آئی جی پی نے مزیدکہا کہ ایک مہینے کے اندر اندر پولیس کی فلاح و بہبود کے لیے مزید سکیمیں شروع کیجارہی ہیں اور کہا کہ پشاور ویلی میں پولیس افسران و جوانوں کے لیے پلاٹس کے حصول کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ فورس کے تمام افسر و جوان بلا امتیاز اُن کے لیے برابر ہیں۔ سب فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور اُنکی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ بعد ازاں آئی جی پی نے ضلع پشاور، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، مہمند، ہری پور، ایبٹ آباد، چترال، باجوڑ، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم اور سپیشل برانچ کے مختلف رینکس کے132 افسران و جوانان کو بہترین کارکردگی پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket