Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, April 6, 2026

پختونخوا 6 سے 9 اپریل تک سیلابی صورتحال کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 6 سے 9 اپریل کے دوران متوقع بارشوں کے پیش نظر ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے اور متعلقہ اضلاع کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ دریائے کابل سے منسلک ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح کوہاٹ توئی، دریائے کرم اور دریائے گومل میں فلیش فلڈنگ کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

ادارے نے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، بنوں، کوہاٹ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو نشیبی علاقوں اور حساس مقامات کی نشاندہی کرنے اور ممکنہ خطرے کے پیش نظر بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مقامی آبادی اور سیاحوں کو دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے اور سیر و تفریح سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق عوام کو بروقت آگاہ رکھیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔

مزید برآں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملہ اور مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مویشی پال افراد کو بھی اپنے جانور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ علاقوں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت محدود رکھنے، سڑکوں کی ممکنہ بندش یا پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاسی کے اقدامات یقینی بنانے اور متاثرین کے لیے بروقت ریلیف اور طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

ادارے کے مطابق دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ اداروں کو ہر چھ گھنٹے بعد رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع اور معلومات کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

پختونخوا 6 سے 9 اپریل تک سیلابی صورتحال کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

Shopping Basket