پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے سعودی عرب کیلئے کئی سالوں بعد براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا۔ منگل کی شام کو کوئٹہ سے پہلی پرواز 142 مسافروں کو لے کر سعودی عرب کے شہر جدہ روانہ ہوگئی۔گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر منعقدہ خصوصی تقریب میں کوئٹہ جدہ فلائٹ سروس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، جی ایم بلوچستان عبدالغفار میاں خیل، سٹیشن منیجر اے ایم دومڑ، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام بھی موجود تھے۔ گورنر نے پرواز کے مسافروں اور عمرہ زائرین کو رخصت کیا۔ انہوں نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ الحمدللہ وعدے کے مطابق کوئٹہ سے سعودی عرب خصوصی عمرہ فلائٹ شروع کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی حکومت، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کی کوششوں کو سراہا۔ اس احسن اقدام سے پورے صوبے کی عوام کو سعودی عرب جانے سے پہلے اسلام آباد، کراچی یا لاہور وغیرہ جانے کی مجبوری سے چھٹکارا حاصل ہوجائیگا۔گورنر نے ہدایت کی کہ کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ٹی ایم، کرنسی ایکسچینج اور سٹریچر کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں جا ئیں اور کوئٹہ سے روزانہ کی بنیاد پر پی آئی اے فلائٹ کو یقینی بنایا جائے۔کوئٹہ میں پی آئی اے کے عہدے دار شبیر ترین نے بتایا کہ کوئٹہ اور جدہ کے درمیان پی آئی اے کی براہ راست فلائٹ سروس کئی سالوں بعد منگل کو دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔
منگل کی شام کو پی آئی اے کی پروازپی کے 767 ، 142 مسافروں کو لیکر جدہ روانہ ہوگئی۔ اس سے پہلے جدہ سے پہلی پرواز منگل کی کوئٹہ پہنچی تھی۔انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ سے جدہ کے درمیان ہفتے میں دو دن (منگل اور اتوار کو) دو طرفہ پروازیں چلائی جائیں گی۔ ہر پرواز میں 173 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔یاد رہے کہ پی آئی اے نے اکتوبر2019 میں کوئٹہ سے جدہ کیلئے براہ راست پروازیں شروع کی تھیں تاہم کورونا وباء کے بعد یہ پرواز بند ہوگئی اس کے بعد کوئٹہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر رن ون کی توسیع کے لیے تعمیراتی کام کی وجہ سے بیرون ملک پروازیں شروع نہیں کی جاسکیں۔ شبیر ترین کے مطابق رن وے کی تعمیرکا کام مکمل ہوگیا ہے اب کوئٹہ ایئر پورٹ پر بڑے طیارے بھی اترسکتے ہیں اس لئے اگر کوئٹہ جدہ روٹ پر مانگ میں اضافہ ہوا تو بڑے طیاروں کو بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پرواز خاص عمرہ زائرین کے لئے بحال کی گئی ہے تاہم اس سے نہ صرف عمرہ زائرین بلکہ بلوچستان کی تاجر برادری اورسعودی عرب میں کام کرنےوالے افراد بھی فائدہ اٹھاسکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یکطرفہ کرایہ 391 ڈالر (تقریباً ایک لاکھ نو ہزار پاکستانی روپے) رکھا گیا ہے۔
پی آئی اے حکام کے مطابق کوئٹہ سے سعودی عرب کیلئے براہ راست پروازوں کی بحالی میں گورنر بلوچستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف سے کوئٹہ تا جدہ براہ راست پرواز کی بحالی کی درخواست کی تھی۔کوئٹہ میں حج و عمرہ پیکیجز فراہم کرنےوالے ٹریول ایجنٹ حاجی ظفراللہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ براہ راست پرواز سے نہ صرف عمرہ زائرین بلکہ سعودی عرب میں کام کرنےوالے بلوچستان کے ہزاروں باشندوں کو فائدہ ہوگا۔ان کے وقت، پیسے اور توانائی کی بچت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ براہ راست پرواز نہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان کے لوگوں کو کراچی، اسلام آباد اور ملک کے دوسرے شہروں تک جانے کی کوفت اٹھانا پڑتی تھی یا پھر دبئی اور شارجہ کی کنٹکنگ فلائٹس سے سعودی عرب جانا پڑا تھا جس کی وجہ سے انہیں گھنٹوں تک وہاں کے ایئر پورٹس پر انتظار کرنا پڑتا تھا۔ اس کی وجہ سے ان کے سفر کا دورانیہ اور سفر کے اخراجات بھی بڑھ جاتے تھے۔