خیبر پختو نخوا پو لیس کے مطابق قبائلی ضلع خیبر اور پشاور کی سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے پولیس تھانے اور چوکی پر بڑے حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس نے الرٹ رہتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا۔
ایس ایس پی کاشف آفتاب عباسی نے بتایا کہ قبائلی ضلع خیبر اور پشاور کے سرحدی علاقے میں نصب تھرمل ویپن نے دہشت گردوں کی نقل و حمل کو مانیٹر کیا۔ جمعہ خان خوڑ کے قریب شدت پسند پولیس تھانہ اور چوکی پر حملے کے لیے پوزیشن ڈھونڈ رہے تھے کہ تھرمل ویپنز سے شدت پسندوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔ 8 سے 10 دہشت گرد پولیس تھانے اور چوکی پر حملہ کرنا چاہتے تھے، تاہم پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے دہشت گرد اپنا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے اور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔