یونائیٹڈ نیشن آفس آن پراجیکٹس سروسز (UNOPS )کے 3 رُکنی وفد نے آج انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری سے سینٹرل پولیس آفس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مس جیکولین کر رہی تھی ۔ جبکہ وفد کے دیگر ارکا ن میں پارٹنر شپ آفیسر پشاور واجد اللہ اور رول آف لاء اسپیشلسٹ سجاد افضل آفریدی شامل تھے۔
وفد کے ارکان نے پولیس کی پیشہ ورانہ بالخصوص پولیس کی استعدادکار بڑھانے اور ٹر یننگ اُمور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔صوبائی پولیس سربراہ نے وفد کے ارکان کو محکمہ پولیس میں متعارف شدہ اصلاحات بالخصوص پولیس کے جوانوں کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانے اور تربیتی پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد کے ارکان نے خیبرپختونخوا پولیس میں متعارف شدہ اصلاحات کی تعریف کی اور یو این او پی ایس کی جانب سے خیبرپختونخوا پولیس کے لئے مختلف پراجیکٹس کا پر وگرام شروع کر نے کا ارادہ ظاہر کیااور ساتھ ساتھ اپنے ادارے کی جانب سے خیبرپختونخوا پولیس کے مختلف شعبوں میں تیکنیکی و فنی تعاون کا یقین بھی دلا یا ۔آئی جی پی نے یو این اُو پی ایس کی جانب سے خیبر پختونخوا پولیس کے لئے مجو زہ پرا جیکٹس شروع کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ اور امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا پولیس اور یو این او پی ایس کے مابین باہمی اشتراک اور تعاون کا سلسلہ کا میابی سے پا یہ تکمیل تک پہنچے گا۔
اجلاس میں پولیس کی استعدادی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے مختلف پراجیکٹس شروع کرنے اور اُن کی بر وقت تکمیل کے لئے قریبی رابطوں اور کو ششوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔