وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایجنسیوں کی رپورٹ ہے،عمران خان کو خطرہ ہے، کل کا اجتماع ملتوی کردیں، جلسے میں دہشت گردی ہوسکتی ہے
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس ابھی بھی وقت ہے، اجتماع ملتوی کردیں، یہ پاکستان کو سیاسی عدم استحکام اور معیشت کو تباہ کرنے کا مارچ ہے، یہ آزادی مارچ نہیں بلکہ فتنہ وفساد مارچ ہے، عمران صاحب سے گزارش کرتا ہوں بے مقصد اجتماع نہ کریں، لانگ مارچ کے لیے 26 نومبر کی تاریخ کو خاص طور پر رکھا اب اس کا مقصد نہیں رہا، عمران خان صاحب آپ کو پنڈی سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی، آپ کو اسٹیبلشمنٹ الیکشن کی تاریخ نہیں لیکر دے گی بات پرانی ہوگئی۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 26 نومبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے وزارت داخلہ میں رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس کے دوران وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو اور سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اجلاس میں شریک ہوئے، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ اور چیف سیکرٹری نے آن لائن شرکت کی۔
پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ حکام اور قائم مقام آئی جی، آئی جی اسلام آباد و چیف کمشنر اسلام آباد اور سکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے بھی شریک اجلاس ہوئے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے جلسے یا دھرنے کے حوالے سے حکمت عملی پرغور کیا گیا، شرکاء نے وزیر داخلہ کو پی ٹی آئی اجتماع اور سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔